آسٹریلیا کے وزیر دفاع رچرڈ مارلس نے اعلان کیا ہے کہ آسٹریلیا نے تقریباً ایک ارب امریکی ڈالر مالیت کی امداد کے تحت یوکرین کو M1A1 ابرامز ٹینکوں کی پہلی کھیپ فراہم کر دی ہے۔ باقی ٹینک آنے والے مہینوں میں بھیجے جائیں گے۔
یہ امریکی ساختہ ٹینک، یوکرین کے لیے مختص 1.5 ارب آسٹریلوی ڈالر (تقریباً 980.4 ملین امریکی ڈالر) کے امدادی پیکج کا حصہ ہیں۔ اس کے علاوہ، آسٹریلیا یوکرینی فوجیوں کی تربیت جاری رکھنے اور اگست میں ایک رائل آسٹریلین ایئر فورس کا E-7A Wedgetail طیارہ یورپ بھیجنے کا منصوبہ رکھتا ہے، تاکہ یوکرین کو پہنچنے والی بین الاقوامی امداد کے راستوں کا تحفظ کیا جا سکے۔
رچرڈ مارلس نے کہا ہے کہ "آسٹریلیا یوکرین کی حمایت جاری رکھے گا اور ہم کسی منصفانہ اور پائیدار امن کے قیام کے حق میں ہیں۔"
واضح رہے کہ آسٹریلیا، روس کی جانب سے فروری 2022 میں شروع کی جانے والی "خصوصی فوجی کارروائی" کے بعد سے یوکرین کو دفاعی سازوسامان اور دیگر امداد فراہم کرتا آ رہا ہے اور ماسکو پر پابندیاں بھی عائد کر چکا ہے۔