فن لینڈ کے جنوب مغربی علاقے ایورا ہوائی اڈے کے قریب جنگلاتی علاقے میں دو ہیلی کاپٹروں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ حادثہ ہفتہ کے روز دوپہر کے کچھ دیر بعد کوتووا قصبے کے قریب ہوا جس کا ملبہ اوہیکلکوٹی روڈ سے تقریبا 700 میٹر (گز) کے فاصلے پر گر گیا۔
نیشنل بیورو آف انویسٹی گیشن (این بی آئی) کے چیف انسپکٹر جوہانس سیریلا نے بتایا کہ ہفتے کے روز یورا ہوائی اڈے کے قریب ہیلی کاپٹر حادثے میں پانچ افراد ہلاک ہو گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ پرواز کے منصوبے کے مطابق ایک ہیلی کاپٹر میں دو اور دوسرے میں تین افراد سوار تھے، دونوں ہیلی کاپٹر فن لینڈ کے باہر رجسٹرڈ تھے۔
فن لینڈ کے اخبار ہیلسنجن سانومت کے حوالے سے ایسٹونیائی پبلک براڈکاسٹنگ (ای آر آر) کی رپورٹ کے مطابق ایک ہیلی کاپٹر ایسٹونیا میں رجسٹرڈ تھا جبکہ دوسرا آسٹریا میں رجسٹرڈ تھا۔
دونوں کا تعلق ایسٹونیا کی کمپنیوں سے تھا۔ ایک این او بی ای اور دوسرا ایلون کی ملکیت تھا۔
یلے نیوز کی رپورٹ کے مطابق یہ ہیلی کاپٹر مبینہ طور پر ایوی ایشن کے ایک شوقیہ ایونٹ میں شرکت کے لیے جا رہے تھے۔
نیشنل بیورو آف انویسٹی گیشن مقامی پولیس کے ساتھ مشترکہ تحقیقات کی قیادت کر رہا ہے اور فن لینڈ اور ایسٹونیا کے حکام تعاون کر رہے ہیں۔