ٹورنٹو کے قریب ایک پبلک لائبریری میں ایک مسلمان خاتون پر حملے کے ایک دن بعد ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا گیا۔ پولیس نے اتوار کو بتایا کہ حملہ آور نے متاثرہ کے اسکارف کو آگ لگانے کی کوشش کی۔
دورہم ریجنل پولیس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ "مسلمان عورت لائبریری میں مطالعہ کر رہی تھی جب ایک نامعلوم خاتون نےاس سے گالی گلوچ کرنی شروع کر دی اور ان کے سر پر اشیاء پھینکیں۔"
پولیس کے مطابق، "ملزمہ نے پھر متاثرہ کے حجاب کو ہٹانے کی کوشش کی اور اس پر ایک نامعلوم مائع ڈال دیا۔ بعد ازاں ملزمہ نے حجاب کو آگ لگانے کی کوشش کی۔"
متاثرہ کی چیخ و پکار سننے پر لائبریری کے حفاظتی عملے نے مداخلت کی، اس دوران ملزمہ فرار ہو گئی لیکن چند گھنٹوں بعد گرفتار کر لی گئی۔
نیشنل کونسل آف کینیڈین مسلمز (NCCM) نے ایک پریس ریلیز میں کہا کہ ہمیں اس واقع پر "شدید صدمہ " ہوا ہے۔
NCCM کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اسٹیفن براؤن نے کہا، " اس قسم کا تشدد ہماری کمیونٹی میں ایک معمول بن چکا ہے جو کہ ناقابلِ قبول ہے۔" انہوں نے مزید کہا، "اسلاموفوبیا کے واقعات حالیہ برسوں میں نمایاں حد تک بڑھ گئے ہیں۔"
انہوں نے کہا، "اب وقت آ گیا ہے کہ ہمارے منتخب رہنما اس مسئلے کو مشترکہ طور پر حل کرنے کے لیے اقدامات کریں۔"
ایجیکس کے میئر شان کولیئر اور لائبریری بورڈ کی چیئر پرسن پیالی کوریا نے ٹاؤن کی ویب سائٹ پر ایک مشترکہ بیان جاری کیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ " امن اور روحانیت کا مہینہ ہونے والے رمضان کے دوران، اس خوفناک حرکت کی متاثرہ اور تمام افراد جو اس حملے سے متاثر، دکھی یا دل شکستہ ہوئے ہیں، ہم ان کی حمایت کے لیے یہاں موجود ہیں اور نفرت اور عدم برداشت کی تمام تر کاروائیوں کے خلاف کھڑے ہیں۔"
براؤن نے کہا کہ NCCM نے پولیس سے درخواست کی ہے کہ اس واقعے کو نفرت انگیز جرم کے طور پر درج کیا جائے۔