تھائی لینڈ اور کمبوڈیا درمیان گولہ باری ہوئی ۔
ایک دہائی سے زیادہ عرصے میں ان کے درمیان بدترین لڑائی دوسرے دن میں داخل ہو گئی، حالانکہ خطے اور دیگر ممالک کی جانب سے فوری جنگ بندی کی اپیلیں کی جا رہی تھیں۔ اس تصادم میں کم از کم 14 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
تھائی لینڈ کی فوج نے بتایا کہ صبح سے پہلے اوبون راتچاتھانی اور سورین صوبوں میں جھڑپیں ہوئیں اور کہا کہ کمبوڈیا نے توپ خانے اور روسی ساختہ BM-21 راکٹ نظام کا استعمال کیا۔ حکام نے کہا ہے جھڑپیں ہونے والے کہ تھائی علاقے سے 100,000 افراد کی نقل مکانی کی گئی ہے۔
تھائی فوج نے ایک بیان میں کہا، "کمبوڈین قوتوں نے بھاری ہتھیاروں، فیلڈ آرٹلری، اور BM-21 راکٹ نظام کا استعمال کرتے ہوئے مسلسل بمباری کی ہے۔"
دونوں فریقین نے ایک دوسرے پر جمعرات کو جنگ چھیڑنے کا الزام لگایا، جو ایک متنازعہ سرحدی علاقے میں شروع ہوا اور جلد ہی چھوٹے ہتھیاروں کی فائرنگ سے بھاری گولہ باری تک بڑھ گیا۔ یہ جھڑپیں کم از کم چھ مقامات پر ہوئیں ۔ مذکورہ علاقے میں خودمختاری کا تنازعہ ایک صدی سے زیادہ عرصے سے جاری ہے۔
رائٹرز کے صحافیوں نے سورین صوبے میں جمعہ کے روز دھماکوں کی وقفے وقفے سے آوازیں سنیں، جبکہ سڑکوں اور پیٹرول اسٹیشنوں پر مسلح تھائی فوجیوں کی بھاری نفری دیکھی گئی۔
یہ لڑائی جمعرات کو اس وقت شروع ہوئی جب تھائی لینڈ نے رات کو اپنے سفیر کو پنوم پین سے واپس بلا لیا اور کمبوڈیا کے سفیر کو ملک بدر کر دیا۔ یہ اقدام اس وقت کیا گیا جب مزید ایک تھائی فوجی بارودی سرنگ کی وجہ سے زخمی ہوا، جس کے بارے میں بنکاک نے الزام لگایا مخالف فوج نے حالیہ ایام میں یہ بارودی سرنگ بچھائی تھی۔ کمبوڈیا نے اس الزام کو بے بنیاد قرار دیا۔
ہلاکتوں میں اضافہ
تھائی وزارت صحت کے مطابق، جمعرات کی رات تک تھائی ہلاکتوں کی تعداد 14 تک پہنچ گئی، جن میں سے 13 عام شہری تھے۔ وزارت نے کہا کہ 46 افراد زخمی ہوئے، جن میں 14 فوجی شامل ہیں۔
کمبوڈیا حکومت نے کسی بھی ہلاکت یا شہریوں کے انخلا کی تفصیلات فراہم نہیں کیں۔ تاہم، کمبوڈیا کے اوڈار میچے صوبے کی صوبائی انتظامیہ کے ترجمان میت میاس پھیکدی نے کہا کہ ایک شہری ہلاک اور پانچ زخمی ہوئے، جبکہ 1,500 خاندانوں کی نقل مکانی کی گئی ہے۔
تھائی لینڈ-کمبوڈیا فوجی جھڑپیں جنگ کی طرف جا سکتی ہیں، تھائی عبوری وزیر اعظم کا بیان
تھائی عبوری وزیر اعظم پھوم تھم ویچایچائی نے جمعہ کو صحافیوں کو بتایا کہ تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان فوجی جھڑپوں میں شدت جنگ کی طرف جا سکتی ہے، انہوں نے کہا کہ اس وقت جھڑپوں میں بھاری ہتھیار استعمال ہو رہے ہیں۔
تھائی فوج : کمبوڈیا نے شہری علاقوں کو نشانہ بنایا
تھائی لینڈ کی فوج نے جمعہ کے روز کمبوڈیا کی جانب سے طویل فاصلے تک مار کرنے والے ہتھیاروں کے استعمال کی مذمت کی، جس کے ذریعے "شہری علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔"
فوج نے کمبوڈیا پر "وحشیانہ کارروائیوں" کا الزام لگایا، جنہوں نے "بے شمار معصوم شہریوں کی جانیں لیں اور انہیں زخمی کیا۔"
تھائی فوجی اہلکار نے بتایا کہ تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان جھڑپیں متنازعہ سرحد کے 12 مقامات پر ہوئیں، جس سے تنازعے میں وسعت کا اشارہ ملتا ہے۔
ایک فوجی ترجمان ریئر ایڈمرل سوراسنت کونگسیری نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ کمبوڈیا نے بھاری ہتھیاروں کا استعمال جاری رکھا ہوا ہے۔ تھائی فوج نے جمعرات کو چھ مقامات پر جھڑپوں کی اطلاع دی تھی۔
تھائی لینڈ نے جمعرات کو چھ F-16 جنگی طیارے اڑائے جن میں سے ایک کو کمبوڈین فوجی ہدف پر حملے کے لیے متحرک کیا گیا۔ کمبوڈیا نے اس اقدام کو "لاپرواہ اور ظالمانہ فوجی جارحیت" قرار دیا۔
امریکہ، جو تھائی لینڈ کا طویل عرصے سے معاہدہ شدہ اتحادی ہے، نے "فوری جنگ بندی، شہریوں کے تحفظ، اور پرامن حل" کا مطالبہ کیا۔
جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم (آسیان) کے چیئرمین ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم نے کہا کہ انہوں نے دونوں ممالک کے رہنماؤں سے بات کی اور ان پر زور دیا کہ وہ پرامن راستہ تلاش کریں۔ یاد رہے کہ تھائی لینڈ اور کمبوڈیا دونوں رکن ممالک ہیں۔
انہوں نے جمعرات کی رات ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا، "میں بنکاک اور پنوم پین کی جانب سے دکھائے گئے مثبت اشاروں اور اس راستے پر غور کرنے کی رضامندی کا خیر مقدم کرتا ہوں۔ ملائیشیا آسیان اتحاد اور مشترکہ ذمہ داری کے جذبے کے تحت اس عمل میں مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔"