قطر نے مصر اور ثالثوں کی کوششوں کو نقصان پہنچانے کے لیے "مالی ادائیگیاں" کرنے کے الزامات کی مذمت اور تردید کی ہے ،جو حماس اور اسرائیل کے درمیان غزہ میں جنگ بندی کے لیے مذاکرات کر رہے ہیں۔
جمعرات کو قطر کے بین الاقوامی میڈیا آفس نے ایک بیان میں کہا، "قطر ان بیانات کی سختی سے مذمت کرتاہے جو کچھ صحافیوں اور میڈیا اداروں نے شائع کیے ہیں، جن میں یہ الزام لگایا گیا ہے کہ قطر نے حماس اور اسرائیل کے درمیان جاری مذاکرات میں شامل مصر یا کسی بھی ثالث کی کوششوں کو نقصان پہنچانے کے لیے مالی ادائیگیاں کی ہیں ۔"
بیان میں مزید کہا گیا کہ "یہ الزامات بے بنیاد ہیں اور صرف ان لوگوں کے ایجنڈے کی خدمت کرتے ہیں جو ثالثی کی کوششوں کو سبوتاژ کرنا اور اقوام کے درمیان تعلقات کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔"
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ الزامات غلط معلومات کی مہم میں ایک نئی پیش رفت کی نمائندگی کرتے ہیں جو انسانی مصائب سے توجہ ہٹانے اور جنگ کی سیاست کو جاری رکھنے کی کوشش کر رہی ہے ۔
قطر نے زور دیا کہ وہ اس تباہ کن جنگ کو ختم کرنے کے لیے متعلقہ فریقوں کے درمیان ثالث کے طور پر اپنے انسانی اور سفارتی کردار کے لیے پرعزم ہے اور جنگ بندی کے قیام اور شہری جانوں کے تحفظ کے لیے مصر کے ساتھ قریبی تعاون کر رہا ہے۔
قطر نے مصر کے اہم کردار کی تعریف کی اور علاقائی استحکام کے لیے کامیاب مشترکہ ثالثی کو یقینی بنانے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر تعاون کو اجاگر کیا۔
قطرگیٹ
قطر کا ردعمل اس وقت سامنے آیا جب اسرائیلی میڈیا نے یہ الزامات رپورٹ کیے کہ وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو کے دفتر کے مشیروں نے قطر سے فنڈز وصول کیے تاکہ مصر کے ثالثی کردار کو نقصان پہنچانے اور اسرائیلی میڈیا میں قطر کی ثالثی کی کوششوں کی تعریف کرنے کے لیے معلومات پھیلائی جا سکیں۔
جمعرات کو ایک اسرائیلی عدالت نے نیتن یاہو کے دو معاونین کی حراست میں ایک دن کی توسیع کی، جن پر شبہ ہے کہ انہوں نے قطر سے مبینہ طور پر رقم وصول کی تاکہ اس کی ثالثی کی تصویر کو اسرائیلی میڈیا میں فروغ دیا جا سکے۔
اسرائیلی عوامی نشریاتی ادارے کان نے اطلاع دی ہے کہ ریشون لیزیون مجسٹریٹ کی عدالت نے جوناتن اوریچ اور ایلی فیلڈسٹین کی گرفتاری میں مزید 24 گھنٹے کی توسیع کی منظوری دی، جبکہ پولیس کی جانب سے سات دن کی توسیع کی درخواست کو مسترد کر دیا۔
ٹیلی ویژن کے مطابق تحقیقات میں مشتبہ افراد کے بیانات میں تضاد سامنے آیا ہے، جسے اسرائیلی میڈیا نے ’قطرگیٹ‘ کا نام دیا ہے۔
نشریاتی ادارے نے کہا کہ دو معاونین میں سے ایک نے تفتیش کے دوران جھوٹ بولا، تاہم معاون کا نام ظاہر نہیں کیا گیا۔
بدھ کے روز، نیتن یاہو نے اپنے معاونین کے خلاف تحقیقات کو مضحکہ خیز قرار دیا۔
دی یروشلم پوسٹ کے ایڈیٹر ان چیف زویکا کلین کو جمعرات کو گھر میں نظر بندی سے رہا کر دیا گیا، ان سے دو معاونین کے ساتھ کیس میں تعلقات کے بارے میں پوچھ گچھ کی گئی۔
اٹارنی جنرل گالی بہاراو-میارا نے کہا کہ اس کیس میں مزید دو صحافیوں سے پوچھ گچھ کی جا سکتی ہے۔