چینی وزیر خارجہ نے بیجنگ میں اپنے پرتگالی ہم منصب سے ملاقات کے دوران یورپ کے ساتھ قریبی تعلقات کی ضرورت پر زور دیا۔
چینی اور یورپی رہنما عالمی تجارتی کشیدگی میں اضافے کے دوران متبادل راستے تلاش کر نے میں سرگرم ِ عمل ہیں ۔
چینی دفتر ِ خارجہ کے مطابق ، وزیر خارجہ وانگ یی نے منگل کو پرتگال کے وزیر خارجہ پاؤلو رینجل سے ملاقات کے دوران کہا ہے کہ چین، پرتگال کے ساتھ مل کر چینی-یورپی تعلقات کو فروغ دے گا۔
وانگ نے کہا، "چین یورپ کو کثیر قطبی دنیا میں ایک اہم ستون کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور یورپ کی اسٹریٹجک خودمختاری کو برقرار رکھنے کی حمایت کرتا ہے۔"
پانچ سال سے زائد عرصے میں کسی اعلیٰ سطحی پرتگالی حکومتی عہدیدار کا یہ پہلا دورہ ایک ایسے وقت میں سر انجام پایا ہے جب یورپی یونین کے رکن ممالک واشنگٹن اور بیجنگ کے درمیان تجارتی جنگ کے امکان پر فکر مند ہیں۔
بیجنگ اور یورپی دارالحکومتوں میں اعلیٰ حکام ایک دوسرے میں دلچسپی کا مظاہرہ کر رہے ہیں ، کیونکہ امریکی انتظامیہ ٹرانس اٹلانٹک تعلقات اور عالمی تجارت کو متاثر کرنے کی دھمکی دے رہی ہے۔
رینجل کے علاوہ، فرانسیسی وزیر خارجہ اور اٹلی کے سینیٹ کے صدر بھی اس ہفتے چین کا دورہ کریں گے اور اعلیٰ چینی حکام سے ملاقات کریں گے۔
امریکہ یورپی یونین کے باہر پرتگالی برآمدات کے لیے سب سے بڑی منزل ہے، جبکہ پرتگال مغربی یورپ کا واحد ملک ہے جو اب بھی بیجنگ کے اہم بین الاقوامی انفراسٹرکچر منصوبے، بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو، کا حصہ ہے۔
گزشتہ سال، پرتگال نے چینی ساختہ الیکٹرک گاڑیوں پر محصولات عائد کرنے کے لیے یورپی یونین کے ووٹ سے اجتناب کیا اور اس صنعت میں چینی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کیا تھا۔