انڈونیشیا بحریہ نے رواں ہفتے سماٹرا کے قریب، تقریباً دو ٹن میتھامفیٹامین اور کوکین سے لدے، ایک جہاز کو قبضے میں لے لیا ہے۔منشیات کی مالیت 425 ملین ڈالر بتائی گئی ہے۔
انڈونیشیا بحریہ نے کہا ہے کہ جہاز پر موجود ایک تھائی شہری اور چار میانمار کے شہریوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
بحریہ کے مطابق یہ واقعہ ریاؤ جزائر کے صوبے کے تنجونگ بلائی کریمون کےعلاقے میں پیش آیا ہے۔ نیوی افسران نے جہاز کو اس وقت روکا جب اس نے اپنی روشنیاں بند کر دیں اور انڈونیشیائی پانیوں سے فرار ہونے کے لیے اپنی رفتار بڑھا دی تھی۔
بحریہ کے ترجمان، آئی میڈ ویرا ہادی ارسنتا وردھانا، نے ایک بیان میں کہا ہےکہ افسران نے تقریباً 100 پیلے اور سفید تھیلے قبضے میں لیے جن میں7 ٹریلین روپیہ (425.92 ملین ڈالر) مالیت کی 1.2 ٹن کوکین اور 705 کلوگرام میتھامفیٹامین موجود تھی ۔
تھائی پرچم بردار جہاز تنجونگ بلائی کریمون میں بحریہ کے اڈے پر لے جایا گیا ہے۔ بیان میں جہاز کے عملے کی قومیت کے علاوہ مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
بحریہ کے افسر فوزی نے ایک پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ حکام ابھی تک تحقیقات کر رہے ہیں کہ یہ منشیات کہاں سے آئی تھیں اور جہاز کہاں جا رہا تھا۔ یہ ضبطی ملک میں انسدادِ منشیات کی بڑی ترین کارروائیوں میں سے ایک ہے۔
اقوام متحدہ کے دفتر برائے منشیات اور جرائم کی 2024 کی رپورٹ کے مطابق، 2023 میں مشرقی اور جنوب مشرقی ایشیا میں 190 ٹن میتھامفیٹامین ضبط کی گئی، کیونکہ منظم جرائم کے گروہ کمزور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا فائدہ اٹھا کر ،خاص طور پر خلیج تھائی لینڈ ، منشیات کی اسمگلنگ کرتے رہتے ہیں۔
شمال مشرقی میانمار کے علاقے گولڈن ٹرائی اینگل ، جہاں تھائی لینڈ اور لاؤس کے حصے ملتے ہیں، منشیات کی تیاری کی ایک طویل تاریخ رکھتا ہے۔ یہ منشیات زیادہ تر ایشیائی جرائم پیشہ گروہوں کے ذریعے جاپان اور نیوزی لینڈ تک پہنچائی جاتی ہیں۔
اقوام متحدہ کی منشیات ایجنسی کی 2023 کی عالمی رپورٹ کے مطابق، 2022 میں جاوا جزیرے کی میرک بندرگاہ کے پانیوں میں 179 کلوگرام (395 پاؤنڈ) کوکین ضبط کی گئی تھی، جو اس وقت تک ملک میں سب سے بڑی کوکین ضبطی تھی۔