پاکستان کے وزیرِاعظم شہباز شریف نے، خاص طور پر بھارت کے ساتھ پیش آنے والے عسکری تناو کے بعد، جنوبی ایشیا میں فروغِ امن کے لیے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوعان کے کردار کو سراہا ہے ۔
شہباز شریف نے منگل کے روز سوشل میڈیا ایکس سے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ "میں اپنے عزیز بھائی، صدر رجب طیب اردوعان کی طرف سے پاکستان کی مضبوط حمایت اور غیر متزلزل یکجہتی کے اظہار سے بہت متاثر ہوا ہوں"۔
انہوں نے مزید کہا ہےکہ پاکستان کو ترکیہ کے ساتھ اپنے "دیرینہ، آزمودہ اور پائیدار" برادرانہ تعلقات پر فخر ہے۔ہمارے باہمی تعلقات ہر نئے چیلنج کے ساتھ مزید مضبوط ہوئے ہیں"۔
"تعمیری کردار، مشترکہ کوششیں"
شہباز شریف نے کہا ہے کہ "میں، جنوبی ایشیا میں امن کی حوصلہ افزائی میں تعمیری کردار ادا کرنے اور اس معاملے میں مشترکہ کوششیں کرنے پر ،صدر اردوعان کا خاص طور پر شکر گزار ہوں۔"
شہباز شریف نے کہا ہے کہ"ہم پاکستان اور ترکیہ کے عوام کے لئے زیادہ روشن اور مفّرح مستقبل کی تعمیر کے لئے مل کر کام کر رہے ہیں۔ اللہ کرے کہ یہ اتفاق دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط کرے"۔
واضح رہے کہ بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر کے علاقے پہلگام میں 22 اپریل کو نامعلوم مسلح افراد کی طرف سے کئے گئے حملے میں 26 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ واقعے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا اور معاملہ گذشتہ ہفتے میزائل اور ڈرون حملوں تک پہنچ گیا تھا۔ہفتے کے آخر میں امریکہ کی ثالثی سے جنگ بندی ہوئی جو اب تک نافذ العمل ہے۔