روس کےجزیرہ نما 'کامچاتکا' کے کھُلے سمندر میں 8.8 کی شدت سے زلزلہ آیا ہے۔
امریکی جیولوجیکل سروے 'یو ایس جی ایس' کے مطابق زلزلے کا مرکز 20.7 کلومیٹر گہرائی میں اور پیٹروپاولووسک۔کامچٹسکی کے مشرق اور جنوب مشرق میں 119 کلومیٹر مسافت پر تھا۔ زلزلہ کم گہرا اور شدید طاقتور ہونے کی وجہ سےطوفانی لہریں یا سونامی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا تھا۔
کامچاتکا کے گورنر ولادیمیر سولودوف نے ٹیلیگرام سے جاری کردہ بیان میں کہا ہےکہ یہ زلزلہ "سنگین اور کئی دہائیوں کا شدید ترین زلزلہ تھا"۔
علاقائی وزیر صحت اولیگ میلنی کوف نے روس کی سرکاری خبر رساں ایجنسی تاس کے لئے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ "زلزلے سے کامچاتکا میں کئی افراد زخمی ہوگئے ہیں تاہم تمام مریضوں کی حالت تسلی بخش ہے۔ اس وقت تک کوئی سنگین کیس ریکارڈ نہیں کی گیا"۔
سونامی کی وارننگ کے بعد سخالین کے قصبے 'سیویرو۔کوریلسک' کی آبادی کی محفوظ مقامات پر منتقلی کا حکم جاری کیا گیا ہے۔
دیگر مقامات پر اثرات
امریکی سونامی وارننگ سسٹم نے روس، جاپان، الاسکا اور ہوائی کے کچھ ساحلی علاقوں کے لیے سونامی کی وارننگ جاری کی ہے۔
ہونولولو ڈپارٹمنٹ آف ایمرجنسی مینجمنٹ نے ایکس سے جاری کردہ بیان میں امریکی ریاست ہوائی کے کچھ ساحلی علاقوں کو خالی کرنے کی اپیل کی اور کہا ہے کہ"جلدی کریں! تباہ کن سونامی متوقع ہے" ۔
قومی محکمہ موسمیات شعبہ 'سان فرانسسکو بے' نے ایکس سے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ کیلیفورنیا کے ساحل کے لیے سونامی وارننگ نافذ کر دی گئی ہے۔ جب تک مقامی حکام کی اجازت نہ ہو پانی سے دور رہیں! ساحلوں اور آبی گزرگاہوں سے دور رہیں! ۔
امریکی سونامی وارننگ سینٹر نے ایکواڈور کے لیے بھی سونامی وارننگ جاری کی اور متنبہ کیا ہے کہ زلزلے کے بعد ایکواڈور میں سمندری لہروں کی بلندی 3 میٹر تک پہنچ سکتی ہے۔
فلپائن کی زلزلہ ایجنسی نے بھی سونامی کی توقع ظاہر کی اور لوگوں کو بحرالکاہل کے ساحلوں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔