روس کا انتونوف اے این۔24 مسافر بردار طیارہ ملک کے مشرقی علاقے 'امور' میں پرواز کے دوران ریڈار سے غائب ہو گیا ہے۔
امور کے گورنر واسیلی اورلوف نے آج بروز جمعرات ٹیلیگرام سے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ یہ طیارہ علاقے کے انتظامی مرکز 'بلاگوویش چنسک' سے 'ٹینڈا ' قصبے کی طرف پرواز کے دوران ریڈار سے غائب ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ "ابتدائی معلومات کے مطابق طیارے میں 5 بچوں سمیت کُل 43مسافر اور عملے کے 6 ارکان سوار تھے۔گمشدہ طیارے کی تلاش کے لیے کوششیں جاری ہیں"۔
وزارتِ ہنگامی حالات نے بھی تلاش کی تصدیق کی اور کہا ہےکہ طیارہ، مقامی ہوائی اڈے ٹینڈا سے چند کلومیٹر کے فاصلے پر، ریڈار سے غائب ہو گیا اور اس کے بعد سے طیارے کے عملے سے کوئی رابطہ نہیں ہو سکا۔
وزارت کے بیان میں کہا گیا ہے کہ "طیارہ، 'خبارووسک۔بلاگوویش چنسک۔ٹینڈا'رُوٹ پر پرواز کر رہا تھا اور ابتدائی معلومات کے مطابق طیارے میں تقریباً 40 افراد سوار تھے۔ واقعے کے بارے میں مزید معلومات کی تصدیق کی جا رہی ہے"۔