یوکرینی فضائیہ کی اطلاع کے مطابق روس نے رات کے وقت یوکرین پر 183 ڈرونز اور دو بیلسٹک میزائلوں سے حملہ کیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ 183 ڈرونز میں سے 77 کو مار گرایا جبکہ 73 بغیر کسی نقصان کے گر گئے۔
روسی حکام نے یہ بھی کہا کہ یوکرین کے بڑے ڈرون حملے میں جمعہ کی رات کم از کم چار افراد زخمی ہوئے۔
روسی وزارت دفاع کے بیان کے مطابق، رات بھر چھ روسی علاقوں میں تقریباً 170 یوکرینی ڈراونز مار گرائے گئے۔
وزارت نے کہا، "گزشتہ رات کے دوران، 170 یوکرینی ہوائی جہاز نما ڈراونز کو رات گئے فضائی دفاعی نظام کے ذریعے یا تو تباہ کر دیا گیا ہے یا روک دیا گیا ہے۔"
جنوبی کراسنودار علاقے کے گورنر، وینیمین کونڈراتیف نے اطلاع دی کہ ساحلی شہر نووروسیسک کو سب سے زیادہ نقصان پہنچا ہے۔
انہوں نے کہا، "تین عمارتوں کو نقصان پہنچا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق، چار افراد زخمی ہوئے، جن میں دو بالغ اور دو بچے شامل تھے۔"
رواں سال، یوکرین نے روس پر متعدد وسیع پیمانے کے ڈراون حملے کیے ہیں، سب سے بڑا حملہ مارچ میں ہوا جب 343 ڈرونز نے ماسکو اور اس کے مضافات کو نشانہ بنایا تھا، ان حملوں میں کم از کم تین افراد ہلاک اور 17 زخمی ہوئے تھے جبکہ روسی دارالحکومت کے چار ہوائی اڈوں کا فلائٹ آپریشن معطل ہو گیا تھا۔