شمالی کوریا نے رواں سال روس میں مزید تین ہزار فوجی بھیجے ہیں اور اب بھی وہ ماسکو کو کیف سے لڑنے میں مدد کے لیے میزائل، توپ خانے اور گولہ بارود فراہم کر رہا ہے۔
جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف نے کہا کہ ایک اندازے کے مطابق جنوری اور فروری کے درمیان اضافی 3000 فوجی کمک کے طور پر بھیجے گئے۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ روس بھیجے گئے ابتدائی 11 ہزار شمالی کوریائی فوجیوں میں سے 4 ہزار ہلاک یا زخمی ہوئے ہیں۔ جے سی ایس کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ افرادی قوت کے علاوہ شمالی کوریا میزائل، توپ خانے کے آلات اور گولہ بارود کی فراہمی جاری رکھے ہوئے ہے۔
اب تک یہ اندازہ لگایا گیا ہے کہ شمالی کوریا نے مختصر فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائلوں (ایس آر بی ایم) کے ساتھ ساتھ 170 ملی میٹر خود کار توپوں اور 240 ملی میٹر کے متعدد راکٹ لانچرز کے تقریبا 220 یونٹ فراہم کیے ہیں۔
اس نے متنبہ کیا کہ "یہ تعداد میدان جنگ کی صورتحال پر منحصر ہے"۔
ڈرونز پر حملہ
2022 میں یوکرین پر ماسکو کے حملے کے بعد سے روایتی اتحادی روس اور شمالی کوریا ایک دوسرے کے قریب آ گئے ہیں اور سیئول نے دعویٰ کیا ہے کہ کم جونگ ان نے ماسکو کی مدد کے لیے ہزاروں فوجی اور ہتھیاروں کے کنٹینر بھیجے ہیں۔
ماسکو یا پیانگ یانگ نے سرکاری طور پر فوجیوں کی تعیناتی کی تصدیق نہیں کی ہے، لیکن دونوں ممالک نے گزشتہ سال ایک وسیع فوجی معاہدے پر دستخط کیے تھے، جس میں باہمی دفاعی شق بھی شامل تھی، جب روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے شمالی کوریا کا ایک نایاب دورہ کیا تھا۔
شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا نے خبر دی تھی کہ کم جونگ ان نے مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی پر مشتمل نئے خودکش اور جاسوس ڈرونز کے تجربے کی نگرانی کی۔
کورین سینٹرل نیوز ایجنسی (کے سی این اے) نے کہا کہ نیا اسٹریٹجک جاسوس ڈرون "زمین اور سمندر میں مختلف اسٹریٹجک اہداف اور دشمن فوجیوں کی سرگرمیوں کا سراغ لگانے اور نگرانی کرنے" کی صلاحیت رکھتا ہے۔
کے سی این اے کے مطابق، خودکش ڈرونز نے "مختلف ٹیکٹیکل حملوں کے مشنوں کے لئے استعمال ہونے والی حملہ آوری کی صلاحیت" کا بھی مظاہرہ کیا۔
کے سی این اے نے کہا ہےکہ انہوں نے "پیداواری صلاحیت کو بڑھانے" کے منصوبے پر بھی اتفاق کیا۔