صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ باکو اور ایریوان کے درمیان ممکنہ امن معاہدہ آذربائیجان کے جائز مطالبات کو پورا کرے گا۔ یہ بات انہوں نے آذربائیجان کے صدر الہام علی یف کے ساتھ ملاقات میں کہی۔
ایردوان نے کہا کہ ترکیہ آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان جامع امن مذاکرات کو قریب سے دیکھ رہا ہے۔ یہ ملاقات جمعہ کے روز اقتصادی تعاون تنظیم (ECO) کے سربراہی اجلاس کے موقع پر آذربائیجان کے شہر خانقندی میں ہوئی۔
ایریوان اور باکو نے 2020 کی دوسری قاراباغ جنگ کے بعد امن معاہدے پر بات چیت شروع کی تھی۔ آذربائیجان نے ستمبر 2023 میں قاراباغ پر مکمل خودمختاری قائم کر لی تھی۔
دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کے ساتھ ساتھ علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اردوان نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان یکجہتی ایک مثالی نمونہ ہے۔
ترکیہ کے صدر نے توانائی اور نقل و حمل کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کی اہمیت پر زور دیا اور 24 جون کو ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ خطے میں مستقل امن کا قیام سب کے مفاد میں ہے۔