سفارتی مذاکرات ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں منعقد ہوئے۔ترکیہ اور برطانیہ نے شام پر عائد پابندیوں کو غیر مشروط طور پر ہٹانے کے معاملے پر بات چیت کی، خاص طور پر رقوم کی منتقلی کی بحالی کے لیے بعض اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ترک سفارتی ذرائع کے مطابق، پیر کے روز ہونے والے مذاکرات ترک نائب وزیر خارجہ نوح یلماز اور برطانیہ ،شمالی افریقہ، افغانستان اور پاکستان کے عہدیداران کی شراکت سے سر انجام پائے۔
مذاکرات میں شام اور دیگر علاقائی مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ یلماز نے شام کی سلامتی، انسانی اور اقتصادی حالات پر ترکیہ کے تجزیات پیش کیے اور بحران کے حل کے لیے جامع حکمت عملی کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے قومی مفاہمتی کوششوں کی حمایت کی اہمیت کو اجاگر کیا تاکہ مرکزی حکومت کو بحال کیا جا سکے اور یہ واضح کیا کہ علیحدگی پسند تحریکوں کا اس عمل میں کوئی کردار نہیں ہونا چاہیے۔
یلماز نے شام کی تعمیر نو اور اقتصادی ترقی کے معاملات پر بھی بات کی۔ ذرائع کے مطابق، "پابندیوں کو غیر مشروط اور مکمل طور پر ہٹانے کا مسئلہ، خاص طور پر ملک میں مالیاتی لین دین کو سہل بنانے کے لیے، زیر بحث آیا۔"
ترکیہ اور برطانیہ نے شام اور دیگر علاقائی مسائل پر مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔