امریکی سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن (CDC) کے ایئرپورٹ اسکریننگ پروگرام نے کووڈ۔19 کی نئی قسم NB.1.8.1 کے متعدد کیسز کی نشاندہی کی ہے، جو چین میں وائرس کے وسیع پیمانے کے پھیلاؤ سے منسلک ہے اور ایشیا کے کئی حصوں میں پھیل رہا ہے۔
سی بی ایس نیوز کی رپورٹ کے مطابق سی ڈی سی کے ایئرپورٹ ٹیسٹنگ پارٹنر، گنگکو بائیو ورکس کے مطابق، کیلیفورنیا، واشنگٹن اسٹیٹ، ورجینیا، اور نیویارک سٹی کے ہوائی اڈوں پر پہنچنے والے بین الاقوامی مسافروں میں NB.1.8.1 وائرس کے مثبت کیسز پائے گئے ہیں۔
گلوبل انیشیٹو آن شیئرنگ آل انفلوئنزا ڈیٹا پر حال ہی میں شائع ہونے والے سیکوینسنگ ڈیٹا سے پتہ چلتا ہے کہ NB.1.8.1 وائرس کا تعین جاپان، جنوبی کوریا، فرانس، تھائی لینڈ، نیدرلینڈز، اسپین، ویتنام، چین، اور تائیوان جیسے ممالک سےآنے والے مسافروں میں ہوا ہے۔
ریکارڈز کے مطابق، ان مسافروں کا ٹیسٹ 22 اپریل سے 12 مئی کے درمیان کیا گیا تھا۔
زیادہ منتقلی کی صلاحیت
امریکی ریاستوں اوہائیو، رہوڈ آئی لینڈ، اور ہوائی میں بھی NB.1.8.1 ویرینٹ کے کیسز رپورٹ کیے گئے ہیں، جو ایئرپورٹ اسکریننگ کے ذریعے شناخت کیے گئے کیسز سے جدا ہیں۔
کیلیفورنیا اور واشنگٹن اسٹیٹ میں، سب سے پہلے کیسز کا پتہ مارچ کے آخر اور اپریل کے شروع میں چلا۔
NB.1.8.1 ویرینٹ، جو اب چین میں غالب ہے اور ایشیا کے کچھ حصوں میں پھیل رہا ہے، ہانگ کانگ اور تائیوان میں COVID-19 کیسز اور اسپتال میں داخلوں میں اضافے کا سبب بنا ہے۔
اگرچہ یہ زیادہ شدید بیماری کا سبب نہیں بنتا، حکام بھیڑ والی جگہوں پر ماسک کے استعمال کی اپیل کر رہے ہیں اور ویکسین اور علاج کی فراہمی میں اضافہ کر رہے ہیں۔
ابتدائی مطالعات سے پتہ چلتا ہے کہ یہ ویرینٹ انسانی خلیوں سے زیادہ مضبوطی سے جڑنے کی وجہ سے زیادہ منتقلی کی صلاحیت رکھتا ہے، لیکن یہ دیگر اقسام کے مقابلے میں مدافعتی نظام سے نمایاں طور پر بچ نہیں پاتا۔