قطر نے خطے میں امریکہ کے سب سے بڑے فوجی اڈے پر ایرانی حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے اس کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
قطری وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے ایک بیان میں کہا کہ ہم پاسداران انقلاب کی جانب سے العدید ایئر بیس پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں اور اسے قطر کی خودمختاری اور فضائی حدود کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی قرار دیتے ہیں۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ قطر بین الاقوامی قوانین کے مطابق اس کھلی جارحیت کا متناسب اور براہ راست جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قطر کے فضائی دفاعی نظام نے کامیابی کے ساتھ ایرانی میزائلوں کو روکا، انہوں نے مزید کہا کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر احتیاطی پروٹوکول کے تحت اڈے کو پہلے ہی خالی کرا لیا گیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ قطری مسلح افواج، اتحادی فوجیوں اور موقع پر تعینات دیگر افراد سمیت تنصیب میں موجود اہلکاروں کی حفاظت کے لئے تمام ضروری اقدامات کیے گئے تھے۔
الانصاری نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اس حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔