ترکیہ کا پہلا قدرتی گیس فلوٹنگ پیدا واری پلیٹ فارم "عثمان غازی" ہفتے کے روز بحیرہ اسود کے ساتھ ترکیہ کے ساحلی ضلعے زونگولداک کی فلیوس بندرگاہ پر پہنچ گیا ہے۔
اس وسیع و عریض پلیٹ فارم کو، 29 مئی کو فتحِ استنبول کی 572ویں سالگرہ کے موقع پر استنبول دولما باہچے صدارتی دفتر کے سامنے صدر رجب طیب اردوعان اور ترکیہ کے وزیرِ توانائی و قدرتی وسائل کی شرکت سے منعقدہ الوداعی تقریب کے ساتھ روانہ کیا گیا تھا۔پلیٹ فارم استنبول باسفورس سے گزرتا ہوا اپنی منزل تک پہنچ گیا ہے۔
یہ پلیٹ فارم یومیہ 10.5 ملین مکعب میٹر قدرتی گیس کی پراسیسنگ کی صلاحیت اور 10 ملین مکعب میٹر گیس ٹرانسفر کی گنجائش رکھتا ہے۔ اس کی بدولت بحیرہ اسود میں قدرتی گیس کی پیداوار دوگنی ہو کر یومیہ 20 ملین مکعب میٹر تک پہنچ جائے گی۔
توقع کی جا رہی ہے کہ یہ پلیٹ فارم ترکیہ کے تقریباً 80 لاکھ گھروں کی قدرتی گیس کی ضروریات کو پورا کرے گا اور آئندہ 20 سال تک اسی مقام پر کام کرے گا۔
پلیٹ فارم پر عملے کے 140 افراد کام کر سکتے ہیں، اس کی لمبائی 298.5 میٹر، چوڑائی 56 میٹر اور گہرائی 29.5 میٹر ہے۔ توقع ہے کہ یہ پلیٹ فارم 2026 کے وسط تک کام شروع کر دے گا۔