امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق میانمارمیں 7,7 کی شدت کا ایک بڑا زلزلہ آیا ہے۔
زلزلےکے جھٹکے چین اور تھائی لینڈ میں بھی محسوس کیے گئے۔
اطلاع کے مطابق بروز جمعہ گرین وچ کے مطابق صبح 6 بجکر 20 منٹ پر رونما ہونے والے زلزلے کا مرکز ساگائنگ شہر کے شمال مغرب میں 16 کلومیٹر کے فاصلے پر تھا اور اس کی زیر زمین گہرائی 10 کلومیٹر تھی۔
بینکاک میں کچھ میٹرو اور لائٹ ریل سروسز معطل کر دی گئیں۔
میانمار میں موجود صحافیوں نے بتایا کہ زلزلے کی شدت سے سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئیں اور عمارتوں کی چھتوں کے ٹکڑے گر گئے۔
زلزلے کے جھٹکے شمالی تھائی لینڈ اور دارالحکومت بینکاک تک محسوس کیے گئے، جہاں رہائشی عمارتوں کے ہلنے پر سڑکوں پر نکل آئے۔
چینگ مائی کے ایک رہائشی، دوآنجائی، نے صحافیوں کو بتایا، "میں نے زلزلے کی آواز سنی، اور میں گھر میں سو رہا تھا۔ میں عمارت سے نکل کر جتنا دور بھاگ سکتا تھا، نکل گیا۔"
چین کے جنوب مغربی صوبے یونان میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، بیجنگ کے زلزلہ ایجنسی کے مطابق زلزلے کی شدت 7.9 تھی۔