بھارت وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ مالی میں تین بھارتی شہریوں کو اغوا کر لیا گیا ہے۔
وزارتِ خارجہ کے مطابق مغوی بھارتی شہری ایک سیمنٹ فیکٹری میں ملازم تھے اور انہیں رواں ہفتے میں ، مغربی افریقہ کے اس بحران زدہ ملک میں کئے گئے، شدت پسندانہ حملوں کے دوران اغوا کیا گیاہے۔
وزارت نے بدھ کی رات جاری کردہ بیان میں کہا ہےکہ ان افراد کو منگل کے روز ڈائمنڈ سیمنٹ فیکٹری پر مسلح حملہ آوروں کے مربوط حملے میں اغوا کیا گیا ہے۔ مذکورہ سیمنٹ فیکٹری مالی کے مغربی علاقے کے مرکزی شہر کائے میں واقع ہے۔
مزید کہا گیا ہے کہ مالی کے دارالحکومت بماکو میں بھارتی سفارت خانہ "مالی کی حکومت اور اغوا شدہ بھارتی شہریوں کے اہل خانہ کے ساتھ قریبی اور مسلسل رابطے میں ہے"۔
بھارت نے حملہ آوروں کے بارے میں تفصیلات فراہم نہیں کیں اور نہ ہی یہ بتایا ہےکہ آیا ان سے کوئی رابطہ کیا گیا ہےیا نہیں۔تاہم بیان میں "یکم جولائی 2025 کو مغربی اور وسطی مالی کے متعدد مقامات پر دہشت گردوں کی طرف سے کئی فوجی اور حکومتی تنصیبات پر حملوں کی طرف اشارہ کیا گیا ہے"۔
واضح رہے کہ مالی 2012 سے ایک بغاوت کا سامنا کر رہا ہے جو شمالی علاقے سے شروع ہوئی اور پورے ملک میں پھیلنے کے بعد پڑوسی ممالک برکینا فاسو اور نائجر تک پہنچ گئی ہے۔