روس اور یوکرین کے درمیان امن مذاکرات استنبول میں جمعہ کے روز بھی جاری رہیں گے، ان میں شرکت کرنے والے وفود کا تعین ہو گیا ہے۔
ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان، امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کی سربراہی میں امریکی وفد، یوکرینی وزیر دفاع رستم اومیرُوف کی قیادت میں یوکرینی وفد، اور روسی صدر ولادیمیر پوتن کے مشیر ولادیمیر میدنسکی کی قیادت میں روسی وفد ان مذاکرات میں حصہ لے گا۔
یوکرینی صدر ولودیمیر زیلنسکی نے ایک حکم نامہ جاری کیا جس کے تحت امن مذاکرات میں شرکت کے لیے ایک سرکاری وفد تشکیل دیا گیا ہے۔ یہ وفد ترک، روسی اور امریکی حکام سے ملاقات کرے گا اور اس کی قیادت وزیر دفاع رستم اومیرُوف کریں گے۔
اس وفد میں نائب وزیر خارجہ سرگئی کیسلیتسیا، سیکیورٹی سروس (ایس بی یو) کے نائب سربراہ اولیکساندر پوکلاد، غیر ملکی انٹیلیجنس سروس کے نائب سربراہ اولیہ لوہوفسکی، جنرل اسٹاف کے نائب چیف اولیکسی شیوشینکو، وزارت دفاع کے مین انٹیلیجنس ڈائریکٹوریٹ (جی یو آر) کے نائب سربراہ وادیم سکبیتسکی، ایئر فورس کمانڈ کے ہیڈکوارٹر کے نائب سربراہ یوہینی شنکاریو، نیول فورسز کمانڈ کے ہیڈکوارٹر کے نائب سربراہ اولیکساندر دیاکوف، جنرل اسٹاف کے سینٹرل لیگل ڈیپارٹمنٹ کے بین الاقوامی اور آپریشنل قانون کے سربراہ اولیکسی مالوواتسکی، جنرل اسٹاف کے مین آپریشنز ڈائریکٹوریٹ کے سینئر افسر اولیکساندر شریخوف، مسلح افواج کے کمانڈر ان چیف کے سپورٹ یونٹ کے پروٹوکول افسر ہیورہی کوزمیچیو، اور صدر کے دفتر کے مشیر اولیکساندر بیوز شامل ہوں گے۔
روسی وفد، جس کی قیادت ولادیمیر میدنسکی کریں گے، میں نائب وزیر خارجہ میخائل گالوزین، روسی جنرل اسٹاف مین انٹیلیجنس ڈائریکٹوریٹ (جی آر یو) کے ڈائریکٹر ایگور کوستیوکوف، اور روسی نائب وزیر دفاع الیگزینڈر فومین شامل ہوں گے۔
وفد میں شامل ماہرین میں روسی جنرل اسٹاف کے انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے نائب ڈائریکٹر الیگزینڈر زورین، روسی صدر کے انسانی شعبے کے لیے ریاستی پالیسی ڈیپارٹمنٹ کی نائب ڈائریکٹر یوگینیا پودوبریوسکایا، روسی وزارت خارجہ کے دولت مشترکہ آزاد ریاستوں کے دوسرے ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر الیگزینڈر پولیشچیوک، اور روسی وزارت دفاع کے مین ڈائریکٹوریٹ آف انٹرنیشنل ملٹری کوآپریشن کے نائب ڈائریکٹر ولادیمیر شیوتسوف شامل ہیں۔