چین اور جاپان نے ہفتے کے روز ایک دوسرے پر متنازعہ جزیروں پر اپنی فضائی حدود کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا تھا ، ٹوکیو نے چینی سفیر کو طلب کرکے اپنے احتجاج کو باضابطہ شکل دی اور کہا کہ اس طرح کا واقعہ دوبارہ نہ ہو۔
تاہم، بیجنگ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایک جاپانی سویلین طیارہ 'غیر قانونی طور پر چین کی فضائی حدود میں داخل ہوا' جس کے بعد کوسٹ گارڈ کے ایک جہاز نے اسے واپس بھیجنے کے لیے ایک ہیلی کاپٹر بھیجا۔
جاپانی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چین کے کوسٹ گارڈ کے چار بحری جہاز سینکاکو میں داخل ہوئے جسے بیجنگ کی جانب سے دیایو کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ایشیائی اور اوقیانوسیہ کے امور کے بیورو کے جاپانی ڈائریکٹر جنرل ماساکی کنائی نے چینی سفارت خانے کے ڈپٹی چیف آف مشن کو طلب کرکے 'سخت احتجاج' کا اظہار کیا اور اس طرح کے اقدامات کے اعادہ پر زور دیا۔
چین کے سرکاری میڈیا گلوبل ٹائمز کے مطابق اس کے جواب میں چین کے کوسٹ گارڈ (سی سی جی) کے ترجمان لیو ڈیجن نے کہا کہ جہاز 'قانون کے مطابق' معمول کے گشت کے لیے وہاں موجود تھے اور ایک جاپانی سویلین طیارہ 'غیر قانونی طور پر چین کی فضائی حدود میں داخل ہوا' جس کے بعد انھیں اسے ہٹانے کے لیے ایک ہیلی کاپٹر روانہ کرنا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ دیایو ڈاؤ اور اس سے ملحقہ جزیرے چین کا فطری علاقہ ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ ہم جاپانی فریق پر زور دیتے ہیں کہ وہ فوری طور پر تمام غیر قانونی سرگرمیاں بند کرے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ 'چائنا کوسٹ گارڈ چین کی علاقائی خودمختاری اور بحری حقوق اور مفادات کی مضبوطی سے حفاظت کے لیے دیایو داو کے پانیوں اور فضائی حدود میں حقوق کے تحفظ اور قانون نافذ کرنے والی کارروائیاں جاری رکھے گا۔'