ایک اسرائیلی عہدیدار اور معاملے سے واقف دو دیگر افراد کے مطابق اسرائیل نے ایران کی جوہری تنصیبات پر حملے کے امکان کو آنے والے مہینوں میں مسترد نہیں کیا، حالانکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کو بتایا تھا کہ امریکہ فی الحال اس طرح کے اقدام کی حمایت کرنے کے لیے تیار نہیں ہے۔
اسرائیلی حکام نے تہران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنے کا عزم کیا ہے، اور نیتن یاہو نے اصرار کیا ہے کہ ایران کے ساتھ کسی بھی مذاکرات کا نتیجہ اس کے جوہری پروگرام کی مکمل بندش ہونا چاہیے۔
امریکی اور ایرانی مذاکرات کار ہفتے کے روز روم میں ابتدائی جوہری مذاکرات کے دوسرے دور کے لیے تیار ہیں۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ مہینوں کے دوران، اسرائیل نے ٹرمپ انتظامیہ کو ایران کی تنصیبات پر حملے کے لیے کئی تجاویز پیش کیں، جن میں کچھ موسم ِ بہار اور موسم گرما کے لیے تھیں ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ان منصوبوں میں فضائی حملوں اور کمانڈو آپریشنز کا امتزاج شامل ہے جو شدت میں مختلف ہو سکتے ہیں اور تہران کی جوہری پروگرام کو ہتھیار بنانے کی صلاحیت کو مہینوں یا ایک سال یا اس سے زیادہ کے لیے پیچھے دھکیل سکتے ہیں۔
دی نیویارک ٹائمز نے بدھ کے روز رپورٹ کیا تھا کہ ٹرمپ نے اس ماہ کے شروع میں وائٹ ہاؤس میں ایک ملاقات کے دوران نیتن یاہو کو بتایا کہ واشنگٹن تہران کے ساتھ سفارتی مذاکرات کو ترجیح دینا چاہتا ہے اور وہ قلیل مدتی میں ملک کی جوہری تنصیبات پر حملے کی حمایت کرنے کے لیے تیار نہیں ہے۔
لیکن اسرائیلی حکام اب یقین رکھتے ہیں کہ ان کی فوج ایران پر ایک محدود حملہ شروع کر سکتی ہے جس کے لیے کم امریکی حمایت کی ضرورت ہو گی۔ ایسا حملہ اسرائیل کی ابتدائی تجاویز کے مقابلے میں نمایاں طور پر محدود سطح کا ہو گا۔
خاص طور پر جب جوہری معاہدے پر بات چیت شروع ہو رہی ہے یہ واضح نہیں ہے کہ اسرائیل کب یا اگر ایسا حملہ کرے گا۔ ایسا اقدام ممکنہ طور پر ٹرمپ کو ناراض کر سکتا ہے اور اسرائیل کے لیے وسیع تر امریکی حمایت کو خطرے میں ڈال سکتا ہے۔
دو سابق سینئر بائیڈن انتظامیہ کے عہدیداروں نے رائٹرز کو بتایا کہ ان منصوبوں کے کچھ حصے گزشتہ سال بائیڈن انتظامیہ کو پیش کیے گئے تھے۔ تقریباً تمام کو براہ راست فوجی مداخلت یا خفیہ معلومات کے تبادلے کے ذریعے امریکی حمایت کی ضرورت تھی۔ اسرائیل نے یہ بھی درخواست کی ہے کہ واشنگٹن ایران کی جوابی کارروائی کی صورت میں اس کی مدد کرے۔
ایک سینئر ایرانی سیکیورٹی اہلکار نے کہا کہ تہران اسرائیلی منصوبہ بندی سے آگاہ ہے اور حملہ ایران کی طرف سے 'سخت اور غیر متزلزل ردعمل' کو جنم دے گا۔
ذرائع نے کہا کہ اسرائیل کے محدود فوجی حملے کے لیے کم براہ راست مدد کی ضرورت ہوگی، خاص طور پر امریکی بمباروں کی شکل میں جو گہرائی میں دفن تنصیبات تک پہنچنے والے بم گرا سکتے ہیں۔ تاہم، اسرائیل کو واشنگٹن سے یہ وعدہ درکار ہوگا کہ وہ تہران کی جوابی کارروائی کی صورت میں اسرائیل کا دفاع کرے گا۔
اسرائیلی حکام نے حالیہ ہفتوں میں واشنگٹن کو بتایا ہے کہ وہ نہیں سمجھتے کہ ایران کے ساتھ امریکی مذاکرات کو معاہدے کے مرحلے تک آگے بڑھنا چاہیے جب تک کہ اس بات کی ضمانت نہ ہو کہ تہران کے پاس جوہری ہتھیار بنانے کی صلاحیت نہیں ہوگی۔
نیتن یاہو نے ٹرمپ کے ساتھ اپنی بات چیت کے بعد کہا، 'یہ معاہدے کے ذریعے کیا جا سکتا ہے، لیکن صرف اس صورت میں جب یہ معاہدہ لیبیا کے طرز کا ہو: وہ اندر جائیں، تنصیبات کو تباہ کریں، اور تمام سامان امریکی نگرانی میں ختم کریں۔'
'دوسرا امکان یہ ہے کہ وہ (ایران) مذاکرات کو طول دیں، اور پھر فوجی آپشن موجود ہے۔'
اسرائیل کے نقطہ نظر سے، یہ ایران کی جوہری تنصیبات پر حملے کے لیے ایک اچھا موقع ہو سکتا ہے۔
ایک اعلیٰ اسرائیلی عہدیدار نے اس ماہ کے شروع میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے تسلیم کیا کہ اگر مقصد ایران کے فضائی دفاع کو دوبارہ تعمیر کرنے سے پہلے حملہ کرنا ہے تو تھوڑی عجلت کرنی ہو گی۔ لیکن سینئر عہدیدار نے ممکنہ اسرائیلی کارروائی کے لیے کوئی ٹائم لائن دینے سے انکار کیا اور کہا کہ اس پر بات کرنا 'بے معنی' ہوگا۔