ترک صدر رجب طیب ایردوان، آذربائیجان کے صدر الہام علیئیف اور پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف بدھ کو لاچن بین الاقوامی ہوائی اڈے کا افتتاح کریں گے۔
لاچن بین الاقوامی ہوائی اڈا آرمینیا کے ساتھ 2020 کی جنگ کے دوران آزاد کرائے گئے علاقوں میں آذربائیجان کی طرف سے تعمیر کیا گیا تیسرا ہوائی اڈا ہے۔
سطح سمندر سے 1800 میٹر کی بلندی پر واقع یہ ہوائی اڈہ پہاڑی علاقوں میں چٹانوں کو تراش کر اور علاقے کو برابر کرکے تعمیر کیا گیا تھا۔ لاچن آذربائیجان کا سب سے اونچا ہوائی اڈا ہے۔
2021 میں اپنی تعمیر کا آغاز کرنے والا یہ ہوائی اڈہ لاچن شہر کے مرکز سے 30 کلومیٹر، شوشا سے 70 کلومیٹر اور کلباجر سے 60 کلومیٹر دور ہے۔ ہوائی اڈے کے رن وے کی لمبائی 3،000 میٹر اور چوڑائی 60 میٹر ہے ، اور اس کی ٹرمینل عمارت فی گھنٹہ 200 مسافروں کی خدمت کرسکتی ہے۔
کاراباخ میں تیسرا بین الاقوامی ہوائی اڈا
26 مئی کو آذربائیجان کے وزیر اعظم علی اسادوف کے دستخط شدہ فرمان کے ساتھ ، لاچن ہوائی اڈے کو بین الاقوامی ہوائی اڈے کا درجہ دیا گیا تھا۔
اس صورتحال کے بارے میں معلومات بین الاقوامی تنظیموں کو بھی فراہم کی گئیں۔ اس طرح آذربائیجان میں بین الاقوامی ہوائی اڈوں کی تعداد بڑھ کر نو ہو گئی۔
اس سے قبل آذربائیجان کی جانب سے آزاد کرائے گئے علاقوں میں تعمیر ہونے والا پہلا ہوائی اڈا فوزولی بین الاقوامی ہوائی اڈا 26 اکتوبر 2021 کو ایردوان اور علی ائیف کی شرکت سے کھولا گیا تھا۔
دونوں رہنماؤں نے 20 اکتوبر 2022 کو زنگلان بین الاقوامی ہوائی اڈے کا بھی افتتاح کیا۔