امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ کسی بھی قسم کے مذاکرات کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی انتظامیہ نہ تو ایران کے ساتھ بات چیت کر رہی ہے اور نہ ہی کسی قسم کی مدد کی پیش کش کر رہی ہے۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ امریکہ نے ایران کی جوہری تنصیبات کو مکمل طور پر ختم کر دیا ہے۔
ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب چند روز قبل ان کی انتظامیہ نے نجی طور پر ایران کو سویلین جوہری توانائی پروگرام کی حمایت کے لیے 30 ارب ڈالر تک رسائی دینے کا خیال پیش کیا تھا۔
جمعے کے روز ٹرمپ نے ان خبروں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں 'جعلی ' قرار دیا تھا۔
اطلاعات کے مطابق، ان کی انتظامیہ کے ارکان نے ایران کو جوہری توانائی کے پرامن منصوبے کے لیے مالی مدد یا تکنیکی مدد فراہم کرنے کے متبادل پر غور کیا تھا جو کشیدگی کو کم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔