دو مرتبہ کے عالمی ہیوی ویٹ چیمپئن اور اولمپک گولڈ میڈلسٹ جارج فورمین 76 سال کی عمر میں انتقال کر گئے ۔
فورمین کے خاندان نے ایک بیان میں کہا، "بہت دکھ کے ساتھ ہم اپنے پیارے جارج ایڈورڈ فورمین سینئر کے انتقال کا اعلان کرتے ہیں، جو 21 مارچ 2025 کو اپنے عزیزوں کو چھوڑ کر اس دنیا سے رخصت ہو گئے۔" یہ بیان باکسر کے آفیشل انسٹاگرام صفحے پر پوسٹ کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا، "ہم محبت اور دعاؤں کے اظہار پر شکر گزار ہیں اور عاجزانہ درخواست کرتے ہیں کہ ہمیں پرائیویسی دی جائے تاکہ ہم ان کی غیر معمولی زندگی کو خراج تحسین پیش کر سکیں۔"
ان کے خاندان نے انسٹاگرام پر جاری بیان میں انہیں ایک مبلغ، شوہر، والد اور دادا کے طور پر بیان کیا جو ایمانداری اور مقصد کے ساتھ زندگی گزارتے تھے۔
انہوں نے فورمین کی باکسنگ کامیابیوں اور ان کے ورثے کو محفوظ رکھنے کی کوششوں کو بھی اجاگر کیا۔
فورمین نے 1968 میں اولمپک گولڈ میڈل جیتا اور بعد میں دو مرتبہ ہیوی ویٹ چیمپئن بنے — پہلی بار 1973 میں اور دوسری بار 1994 میں۔ باکسنگ سے ریٹائر ہونے کے بعد وہ مبلغ اور کاروباری شخصیت کے طور پر بھی جانے جاتے تھے۔