افریقہ یونین نے بدھ کے روز جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ تقریباً دو سال کی بدامنی سے تباہ حال اور جنگ زدہ سوڈان میں متوازی حکومت کے اعلان سے ملک کو تقسیم کرنے کا خطرہ ہے۔
پیرا ملٹری ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف) اور سوڈانی فوج کے درمیان تنازعے نے دسیوں ہزار افراد کی جان لے لی ہے اور 1 کروڑ 20 لاکھ سے زیادہ لوگوں کو بے گھر کر دیا ہے، جسے اقوام متحدہ نے افریقی براعظم میں ایک 'غیر معمولی انسانی بحران' قرار دیا ہے۔
ابتدائی طور پر آر ایس ایف کو فوج میں ضم کرنے کے اختلافات سے شروع ہونے والی اس جنگ نے ملک کو تقسیم کر دیا ہے۔ اب فوج مشرقی اور شمالی سوڈان پر قابض ہے جبکہ آر ایس ایف مغربی دارفور کے تقریباً تمام حصوں اور جنوب کے کچھ علاقوں پر قابض ہے۔
گزشتہ ماہ، آر ایس ایف اور اس کے اتحادیوں نے نیروبی میں ایک متوازی حکومت کے 'بانی چارٹر' پر دستخط کیے۔
افریقی یونین نے ایک بیان میں اس اقدام کی مذمت کی اور 'خبردار کیا کہ اس طرح کی کارروائی ملک کی تقسیم کے بڑے خطرے کا باعث بن سکتی ہے۔'
اے ایف پی کے ذریعے دیکھے گئے دستاویز کے مطابق، دستخط کنندگان باغیوں کے زیر کنٹرول علاقوں میں 'امن اور اتحاد کی حکومت' بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
مارچ کے اوائل میں، آر ایس ایف اور اس کے اتحادیوں نے دوبارہ نیروبی میں ایک 'عبوری آئین' پر دستخط کیے۔
افریقہ یونین نے اپنے تمام رکن ممالک اور بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ 'سوڈان کی جمہوریت یا اس کے اداروں کے کسی بھی حصے کو تقسیم کرنے اور حکومت کرنے کے مقصد سے بنائی گئی کسی حکومت یا متوازی ادارے کو تسلیم نہ کریں۔'
افریقہ یونین نے مزید کہا ہے کہ “ہم، جمہوریہ سوڈان میں کسی بھی نام نہاد حکومت یا متوازی ادارے کو تسلیم نہیں کرتے”۔
منگل کے روز، یورپی یونین نے ایک بیان میں کہا تھا کہ متوازی حکومت سوڈان کی جمہوری امنگوں کے لیے خطرہ ہے۔ یہ بیان گزشتہ ہفتے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے بیان کی بازگشت قرار دیا جا رہا ہے۔