جنوبی کوریا یونہاپ خبر ایجنسی نے، حکومتی ذرائع کے حوالے سے شائع کردہ خبر میں، کہا ہے کہ جنوبی کوریا رواں مہینے کے آخر میں پولینڈ کو تقریباً 6 ارب ڈالر مالیت کے اضافی K2 بلیک پینتھر ٹینکوں کی برآمد کے لیے دفاعی معاہدے کو حتمی شکل دینے کی تیاریاں کر رہا ہے۔یہ معاہدہ سیول کی اب تک کی سب سے بڑی اسلحہ برآمد ہوگی ۔
دفاعی صنعت کے ایک عہدیدار نے یونہاپ کے لئے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ دستخط کی تقریب اس ماہ کے آخر میں بروز منگل پولینڈ میں متوقع ہے۔
معاہدے کے تحت، پولینڈ کو 180 عدد K2 ٹینک فراہم کیے جائیں گے۔ ان میں سے 117 ٹینک جنوبی کوریا کی دفاعی کمپنی ہنڈائی روٹم کمپنی تیار کرے گی اور باقی پولینڈ کی سرکاری دفاعی فرم PGZ اپنے ملک میں تیار کرے گی۔
سکیورٹی خدشات
یہ معاہدہ 2023 کے آخر تک متوقع تھا لیکن دونوں ممالک میں سیاسی پیش رفتوں اور خاص طور پر جنوبی کوریا میں دسمبر کے ناکام مارشل لاء کے پیدا کردہ داخلی عدم استحکام کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہو گیا۔
معاہدہ ، اپنی فوجی صلاحیتوں کو مضبوط کرنے کے لئے، پولینڈ کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہے اور روس۔یوکرین جنگ کے پیدا کردہ سکیورٹی خدشات کے پیش نظر کیا جا رہا ہے۔
2022 میں وارسا نے جنوبی کوریا کے ساتھ کئی دفاعی معاہدے کیے جن میں K2 ٹینک، K9 خودکار ہووٹزر، اور FA-50 ہلکے محارب طیاروں کے معاہدے شامل ہیں۔