حماس نے کہا ہے کہ فلسطینی عوام کو اپنے وطن پر حکومت کرنے کا حق حاصل ہے اور جب تک اسرائیلی قبضہ جاری رہے گا، وہ ہتھیار نہیں ڈالیں گے۔
حماس کے جلاوطن دفاتر کے سربراہ خالد مشعل نے کہا کہ ان پر کوئی سیاسی نظام باہر سے مسلط نہیں کیا جا سکتا۔
اتوار کے روز حماس نے اسرائیل کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے اور جنگ بندی کے معاہدے کے تحت رہا کر کے فلسطین لّوٹائے گئے فلسطینی قیدیوں کے اعزاز میں مصری دارالحکومت قاہرہ میں منعقدہ ایک تقریب سے خالد مشعل کی تقریر کی ویڈیو شیئر کی۔
انہوں نے کہا، "غزہ کے مالک محض اس کے عوام ہیں؛ نہ غزہ اور نہ ہی مغربی کنارے کے لوگ اپنے وطن کو کسی اور جگہ کے لیے تبدیل کریں گے۔"
فلسطین کا کوئی متبادل نہیں
مشعل نے اس بات پر زور دیا کہ اسرائیلی محاصرے میں گھرے غزہ اور مقبوضہ مغربی کنارے کے فلسطینی اپنی زمین سے دھرتی سے مضبوطی سے جڑے رہیں گے۔
انہوں نے کہا، "فلسطین کا فلسطین کے علاوہ کوئی دوسرا متبادل نہیں۔ عرب اور اسلامی ممالک کے لیے ہماری عزت اپنی جگہ، لیکن ہمارا وطن کسی چیز سے تبدیل نہیں ہو سکتا۔"
مشعل نے اس بات پر زور دیا کہ فلسطین پر صرف اس کے عوام کی حکومت ہوگی اور کوئی غیر ملکی سیاسی نظام مسلط نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے فلسطین کو در پیش چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے قومی یکجہتی کی اہمیت کو اجاگر کیا اور عالم ِعرب سے فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑے ہونے کی اپیل کی۔
انہوں نے کہا کہ غزہ ایک بڑی سازش کا سامنا کر رہا ہے، جہاں لوگوں کو بھوکا رکھ کر انہیں جلاوطنی پر مجبور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا، "غزہ کا مستقبل، اس کی حکومت، اس کے ہتھیار، اور اس کی مزاحمت خطرے میں ہیں۔"