صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ ترکیہ اور پاکستان کے درمیان مختلف شعبوں، خاص طور پر تجارت اور توانائی کے میدان میں تعاون کو مزید گہرا کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کے روز آذربائیجان میں پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کے دوران کہی۔
یہ ملاقات اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے سربراہی اجلاس کے موقع پر آذربائیجان کے شہر خانقندی میں ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کے ساتھ ساتھ علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ ترک صدارتی محکمہ مواصلات نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر اس ملاقات کی تفصیلات فراہم کیں۔
ایردوان نے غزہ پر اسرائیل کے حملوں کو روکنے، جنگ بندی کے قیام، اور خطے میں انسانی امداد کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔
اہم شعبوں میں تعاون
پاکستانی وزیر اعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق، دونوں رہنماؤں نے اپنے ممالک کے درمیان تعلقات کو تمام اہم شعبوں میں مضبوط اور آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے تجارت، دفاع، توانائی، رابطہ کاری، اور سرمایہ کاری جیسے اہم شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
شہباز شریف نے خطے میں امن، استحکام، اور پائیدار ترقی کے مشترکہ اہداف کو آگے بڑھانے کے لیے ترکیہ کے ساتھ قریبی تعاون کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔
اس ملاقات میں ایردوان کے ہمراہ وزیر خارجہ حاقان فیدان، عائلی و سماجی خدمات کی وزیر مہنور اوزدمیر گوکتاش، وزیر تجارت عمر بولات، وزیر ٹرانسپورٹ اور انفراسٹرکچر عبدالقادر اورال اولو، مواصلات کے ڈائریکٹر فخرالدین آلتون، اور خارجہ پالیسی و سلامتی کے مشیر عاکف چاعتائے کلیچ بھی موجود تھے۔