ایکواڈور کے شہر سانتو ڈومنگو میں ایک بلیئرڈ ہال میں فائرنگ کےنتیجے میں 7 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
پولیس کے بروز اتوار جاری کردہ بیان کے مطابق یہ خونریز حملہ، ملک میں گینگ تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات کا حصّہ ہے۔
تاحال غیر جانبدار ذرائع کی طرف سے غیر مصّدقہ لیکن سوشل میڈیا پر پھیلی ہوئی 'سکیورٹی کیمرے کی فوٹیج'میں سیاہ ماسک پہنے کئی حملہ آور، ہال کے داخلے دروازے پر موجود 2 افراد پر فائرنگ کرتے اور پھر اندر گھس کر اندھا دھند گولیاں چلاتے دِکھائی دے رہے ہیں۔ حملہ آور، پولیس کی آمد سے چند لمحے قبل جائے وقوعہ سے فرار ہو گئے۔
یہ حملہ گذشتہ ماہ ساحلی شہر جنرل ویلامیل پلیاس کے ایک بلیئرڈ ہال میں ہونے والے اسی طرح کے قتل عام کے بعد ہوا ہے۔ حملے میں 9 افراد کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔
ایکواڈور، جو کبھی لاطینی امریکہ کے زیادہ پرامن ممالک میں شمار ہوتا تھا، اب منشیات فروش جتھوں کے تشدد کی لپیٹ میں آ چکا ہے۔ یہ منشیات فروش جتھےایکواڈور کی بندرگاہوں کو امریکہ اور یورپ کو کوکین اسمگل کرنے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، قتل کی شرح 2018 میں 6 افراد فی لاکھ تھی جو 2024 میں 38 افراد فی لاکھ ہو گئی ہے۔