اقوام متحدہ نے کہا ہےکہ 2024 میں غزّہ میں اسرائیلی حملوں میں 183 امدادی کارکن قتل کئےگئے ہیں اور یہ تعداد مذکورہ سال میں دنیا بھر میں ہلاک کئے جانے والے امدادی کارکنوں کی تعداد کا تقریباً نصف ہے۔
اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ کُل 383 اموات پر مبنی یہ صورتحال نہایت تشویشناک اور بین الاقوامی بے حسی کا ایک "شرمناک" اظہار ہے ۔
2024 کے سالانہ اعداد و شمار کے مطابق امدادی کارکنوں کی ہلاکتوں میں گذشتہ سال کے مقابلے میں 31 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ان میں سے 60 امدادی کارکن سوڈان اور باقی دیگر جنگ زدہ علاقوں میں مارے گئے ہیں۔
اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ ان اموات کی اکثریت ریاستی عناصر کے ہاتھوں ہوئی ہے اور ہلاک ہونے والوں کی اکثریت مقامی عملے کے افراد پر مشتمل تھی جنہیں یا تو امدادی کاموں کے دوران یا پھر ان کے گھروں میں نشانہ بنایا گیا ہے۔
عالمی یوم ِانسانی ہمدردی کے موقع پر جاری کی گئی اس اقوام متحدہ رپورٹ کے مطابق اموات کے ساتھ ساتھ گذشتہ سال 308 امدادی کارکن زخمی ہوئے، 125 کو اغوا کر لیا گیا اور 45 کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ یہ رپورٹ عالمی یوم انسانی ہمدردی کے موقع پر جاری کی گئی ہے۔
بین الاقوامی بے عملی کا شرمناک اظہار
اقوام متحدہ کے شعبہ انسانی امداد کے سربراہ ٹام فلیچر نے کہا ہے کہ"ایک امدادی کارکن پر حملہ ہم سب پر اور ان سب لوگوں پر حملے کے مترادف ہے جن کی ہم خدمت کرتے ہیں۔اس پیمانے کے حملوں کا بغیر کسی احتساب کے رہنا بین الاقوامی بے عملی کا ایک شرمناک اظہار ہے"۔
ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق، 2025 کے آغاز سے تاحال 265 امدادی کارکن ہلاک ہو چکے ہیں۔
اقوام متحدہ نے زور دیا ہے کہ انسانی ہمدردی کے عملے پر حملے، بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں اور جنگ اور آفات زدہ علاقوں میں لاکھوں افراد کے لیے مصروفِ عمل امدادی عناصر کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔
فلیچر نے کہا ہے کہ "امدادی کارکنوں کے خلاف تشدد کوئی ایسی چیز نہیں ہے کہ جس سے بچنا ناممکن ہو لہٰذا اسے ختم کیا جانا چاہیے۔"
عالمی ادارہ صحت نے بھی اس سال 16 علاقوں میں صحت کے عملے پر 800 سے زیادہ حملوں کی اطلاع دی ہے۔ ان حملوں میں 1,110 سے زیادہ صحت کے کارکن اور مریض ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہوئے ہیں۔
ہر سال 19 اگست کو منایا جانے والا 'عالمی یوم انسانی ہمدردی'، 2003میں بغداد میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر پر بمباری کی یاد تازہ کرتا ہے۔ اس حملے میں اقوام متحدہ کے نمائندے سرجیو ویرا ڈی میلو سمیت 22 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔