ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوعان نے اپنے فرانسیسی ہم منصب ایمانوئل ماکرون کے ساتھ روس۔یوکرین امن مرحلے اور غزہ کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
ترکیہ صدارتی محکمہ اطلاعات کے "این سوشل" سے بروز جمعرات جاری کردہ بیان کے مطابق"ٹیلی فونک ملاقات فرانس کی درخواست پر کی گئی ہے ۔ مذاکرات میں دونوں رہنماؤں نے "ترکیہ اور فرانس کے درمیان دو طرفہ تعلقات، روس۔یوکرین امن مرحلے، غزہ کی تازہ ترین صورتحال اور متعدد علاقائی و عالمی امور" پر گفتگو کی گئی ہے۔
مذاکرات میں صدر اردوعان نے کہا ہے کہ "روس۔یوکرین جنگ کو منصفانہ امن کے ذریعے ختم کرنے کے لئے ترکیہ کی کوششیں جاری ہیں اور انقرہ، الاسکا اور واشنگٹن میں ہونے والی ملاقاتوں پر بھی بغور نگاہ رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے کہا ہےکہ "ترکیہ، یوکرین اور روس کے درمیان امن مذاکرات کے لیے کسی بھی اقدام کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔"
غزہ کے حوالے سےصدر اردوعان نے کہا ہے کہ ترکیہ، "ایک وسیع پیمانے کے انسانی المیے" کے مقابل، جنگ بندی کو یقینی بنانے کے لیے کام کر رہا ہے ۔ مزید قبضے کو روکنے کے لئے اسرائیل کی لاپرواہ جارحیت کو لگام ڈالنا ضروری ہے"۔
دونوں رہنماؤں نے ستمبر میں نیویارک میں متوقع اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس میں ان مسائل پر تفصیلی بات کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہےکہ "اردوعان نے کہا ہے کہ ترکیہ، فرانس کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے کو اہمیت دیتا ہے اور مختلف شعبوں، خاص طور پر دفاعی صنعت میں، تعلقات کے فروغ کے لیے اقدامات جاری رکھے گا"۔
فرانس کی طرف سے ترکیہ کا شکریہ
دوسری جانب، میکرون نے ایکس سے جاری کردہ بیان میں کہا ہےکہ دونوں رہنماؤں نے روس کی "جارحانہ جنگ" کو ختم کرنے کے ہدف پر اتفاق کیا اور کیف کے لیے "جنگ بندی اور مضبوط سلامتی ضمانتوں" کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
انہوں نے اس معاملے پر تعاون کے لیے ترکیہ کا شکریہ ادا کیا ہے۔
مشرق وسطیٰ کے حوالے سے، میکرون نے غزہ پر نئی فوجی کارروائی شروع کرنے اور مقبوضہ مغربی کنارے میں خاص طور پر ای ون علاقے میں یہودی رہائشی بستیوں کی وسعت سے متعلق اسرائیلی فیصلوں کی مذمت کی ہے۔
انہوں نے کہا ہےکہ ایسے اقدامات "امن کوششوں کے منافی ہیں" اور صرف "مسلسل جنگ کی حالت" پیدا کریں گے۔
میکرون نے کہا ہےکہ "خطے میں سب کے لیے امن اور سلامتی کا واحد راستہ یہی ہے کہ جنگ بندی، یرغمالیوں کی رہائی، انسانی امداد کی فراہمی، اور سیاسی حل کی تلاش کے لئے کام کیا جائے"۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ فرانس، سعودی عرب کے ساتھ مل کر ماہِ ستمبر میں نیویارک میں دو ریاستی حل کانفرنس کا انعقاد کرے گا ۔ کانفرنس کی تیاری کے مراحل میں ہم ترکیہ کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں۔