مغربی افغانستان میں ایران سے واپس آتے افغان مہاجرین کی بس اور دو دیگر گاڑیوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 76 تک پہنچ گئی ہے ۔
ہرات صوبائی حکومت کے ترجمان محمد یوسف سعیدی نے کہا ہے کہ " حادثے میں 76 افغان شہری ہلاک اور تین شدید زخمی ہو گئے ہیں۔"
سعیدی نے بروز منگل' اے ایف پی' کے لئےجاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ" بس، ایران سے حال ہی میں واپس لوٹنے والے افغانوں کو دارالحکومت کابل لے جا رہی تھی"۔
اقوام متحدہ مہاجرین ایجنسی کے مطابق رواں سال کے آغاز سے تاحال ایران اور پاکستان سے کم از کم 15 لاکھ افغان وطن واپس آ چکے ہیں۔دونوں ممالک، کئی دہائیوں کی میزبانی کے بعد، مہاجرین کو واپس بھیجنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی بختار نے منگل کو جاری کردہ خبر میں کہا ہےکہ یہ حادثہ حالیہ برسوں میں ملک میں پیش آنے والے مہلک ترین حادثات میں سے ایک تھا۔
واضح رہے کہ افغانستان میں ٹریفک حادثات عام ہیں، جن کی وجہ ملک کی جنگ سے متاثرہ تباہ حال سڑکیں، غیر محتاط ڈرائیونگ اور قوانین کے نفاذ میں کمی بتائی جاتی ہے۔
گذشتہ سال دسمبر میں، وسطی افغانستان کی ایک شاہراہ پر ایندھن کے ٹینکر اور ٹرک کے ساتھ دو بسوں کے حادثے میں کم از کم 52 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔