27 اگست 2025
سوڈان میں حالیہ ایک ہفتے کے دوران ہیضے کے 1,210 نئے کیس اور 36 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔
سوڈان وزارت ِصحت نے بروزمنگل جاری کردہ اعلان میں کہا ہےکہ ان نئے کیسوں کے ساتھ ہیضے کے مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 2 ہزار 831 تک پہنچ گئی ہے۔
اگست 2024 میں وبا کے آغاز سے تاحال ہیضے کی وجہ سے 2 ہزار 561 اموات واقع ہو چکی ہیں ۔ بیان کے مطابق بعض علاقوں میں بیماری کےپھیلاو میں کمی آئی ہے اور بعض میں اضافہ دیکھا گیا ہے ۔
6 اگست کو عالمی ادارہ صحت 'ڈبلیو ایچ او'نے سوڈان کے تمام صوبوں میں ہیضے کے مریضوں کی موجودگی کی تصدیق کی تھی۔
سوڈان میں صحت کا یہ بحران ، اپریل 2023 سے فوج اور نیم فوجی دستوں کے درمیان خانہ جنگی کے آغاز سے ہی ، جاری ہے۔
اس تنازعے کے نتیجے میں اب تک ہزاروں افراد ہلاک اور لاکھوں بے گھر ہو چُکے ہیں۔