بنگلہ دیش میں رواں سال کے دوران ،مچھر سے پھیلنے والی، ڈینگی بخار بیماری کے نتیجے میں اموات کی تعداد 101 تک پہنچ گئی ہے۔
بنگلہ دیش محکمہ صحت نے بروز اتوار جاری کردہ بیان میں کہا ہے ک کہ اس سال ملک میں ڈینگی بخار کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 101 ہے اور گذشتہ چند گھنٹوں میں تین نئی اموات کی اطلاع ملی ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق تازہ کیسوں میں ڈھاکہ کی ساؤتھ سٹی کارپوریشن میں دو افراد اور جنوب مشرقی ضلعے چٹاگانگ میں ایک شخص ڈینگی سے ہلاک ہو گیا ہے۔
کُل اموات میں سے 45 ڈھاکہ ساؤتھ سٹی کارپوریشن میں ، 11 ڈھاکہ نارتھ سٹی کارپوریشن میں اور 17 اموات چٹاگانگ ڈویژن میں ہوئی ہیں۔
بیان کے مطابق حالیہ 24 گھنٹوں کے دوران 448 نئے ڈینگی مریضوں کو اسپتالوں میں داخل کیا گیا ہے اور اس طرح رواں سال ڈینگی کے کیسوں کی کُل تعداد 24,183 تک پہنچ گئی ہے۔
صحت کے حکام کے مطابق صحتمند ہونے والے مریضوں کی تعداد 22,708 ہے۔ کل کیسوں میں خواتین کی شرح 39.3 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔
گذشتہ چند گھنٹوں میں سب سے زیادہ ڈینگی مریض جنوب وسطی ضلعے بارسل کے اسپتالوں میں داخل کئے گئے ہیں۔ اس ضلعے میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 95 مریض اسپتالوں میں داخل ہوئےہیں۔
نئے کیسوں میں سے 84 افرادضلع ڈھاکہ اور 81 افراد ضلع چٹاگانگ کے اسپتالوں میں داخل ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 2023 میں، بنگلہ دیش میں ڈینگی سے 1,705 اموات ہوئیں اور مریضوں کی کُل تعداد 321,179 رہی تھی۔