اٹلی کے فٹبال کوچوں نے کہا ہے کہ اسرائیل کی، بین الاقوامی میچوں میں، شرکت پر پابندی لگائی جائے۔
اٹلی کی خبر رساں ایجنسی ANSA کے مطابق اٹلی کی کوچ سوسائٹی 'اے آئی اے سی' نےمنگل کے روز اطالوی فٹبال فیڈریشن (FIGC) کے صدر گیبریل گراوینا کو ارسال کردہ خط میں مطالبہ کیا ہے کہ " غزہ کے لیے کارروائی کی جائے" ۔
مراسلے میں UEFA اور FIFA سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ،اسرائیل کی بین الاقوامی میچوں میں شرکت پر پابندی کی تجویز پیش کریں۔
اطالوی قومی فٹبال ٹیم، ستمبر اور اکتوبر کے مہینوں میں فٹبال عالمی کپ کے کوالیفائنگ میچوں میں اسرائیلی ٹیم کا سامنا کرے گی۔
رینزو اولیویری کی زیرِ قیادت 'کوچ سوسائٹی ' نےکہا ہے کہ یہ "محض ایک علامتی قدم ہی نہیں ہے بلکہ ایک ضروری ترجیح بھی " ہے۔ یہ ایک "اخلاقی فریضہ" ہے جس کا اظہار ٹیم کی پوری قیادت نے مشترکہ طور پر کیا ہے۔
اولیویری نے کہا ہے کہ"کھیلوں کی بنیاد میں کارفرما انسانی اقدارہمیں مجبور کرتی ہیں کہ ہم ایسے خوفناک نتائج کے حامل ظلم و جبر کی مخالفت کریں "۔
واضح رہے کہ اسرائیل، اکتوبر 2023 سے غزہ میں 62,000 سے زائد فلسطینیوں کو قتل کر چُکا ہے۔ حملوں میں پورے علاقے کو قصداً تباہ کر چکا ہے اور علاقے کے لئے خوراک کی ناکہ بندی کر کے فلسطینیوں کو ارادی قحط کا محکوم بنائے ہوئے ہے۔