میانمار کے ایک نسلی اقلیتی مسلح گروپ نے ہفتے کے روز کہا کہ ایک فوجی فضائی حملے میں مغربی ریاست رخائن میں کم از کم 19 طلباء، جن میں بچے بھی شامل ہیں، ہلاک ہو گئے۔
آراکان آرمی (اے اے) میانمار کی حکمران فوج کے ساتھ رخائن پر کنٹرول کے لیے شدید لڑائی میں مصروف ہے، جہاں اس نے گزشتہ سال کے دوران وسیع علاقے پر قبضہ کر لیا ہے۔
رخائن کا تنازعہ میانمار میں جاری خونریز افراتفری کا ایک حصہ ہے، جو 2021 میں فوج کی جانب سے آنگ سان سوچی کی سول حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد شروع ہوا، جس کے نتیجے میں ایک وسیع پیمانے پر مسلح بغاوت بھڑک اٹھی۔
اے اے نے ہفتے کے روز ٹیلیگرام پر ایک بیان جاری کیا، جس میں کہا گیا کہ کیاؤکتاؤ ٹاؤن شپ میں دو نجی ہائی اسکولوں پر حملہ جمعہ کی آدھی رات کے بعد ہوا، جس میں 15 سے 21 سال کی عمر کے 19 طلباء ہلاک اور 22 زخمی ہوئے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ "ہم معصوم طلباء کی موت پر متاثرہ خاندانوں کی طرح ہی افسردہ ہیں،" ۔
بیان میں حملے کا الزام فوجی حکومت پر لگایا گیا، لیکن AFP کی جانب سے فوجی حکومت کے ترجمان سے رابطے کی کوششوں کا کوئی جواب نہیں ملا۔
یونیسف نے ایک بیان میں اس "سفاکانہ حملے" کی مذمت کی، جس کے بارے میں کہا گیا کہ "یہ رخائن ریاست میں بڑھتے ہوئے تباہ کن تشدد کے سلسلے میں ایک اور اضافہ ہے، جہاں بچے اور خاندان سب سے زیادہ نقصان اٹھا رہے ہیں۔"
کیاؤکتاؤ کے ارد گرد کے علاقے میں انٹرنیٹ اور فون سروسز کی ناقص سروس کے باعث AFP وہاں موجود لوگوں سے رابطہ کرنے میں ناکام رہا۔
فوج کو میانمار کے مختلف علاقوں میں اپنی حکومت کے خلاف مزاحمت کا سامنا ہے اور اسے اکثر شہری آبادیوں کو نشانہ بنانے کے لیے فضائی اور توپ خانے کے حملے کرنے کے الزامات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔