امریکی جیولوجیکل سروے نے اطلاع دیہے کہ روس کے دور دراز مشرقی علاقے کامچاتکا کے ساحل کے قریب 7.4 شدت کا زلزلہ آیا ہے ۔
ہفتے کے روز آنے والا یہ زلزلہ روسی شہر پیٹروپاولوسک-کامچاتسکی، جو کامچاتکا علاقے کا انتظامی مرکز ہے، کے مشرق میں 111 کلومیٹر کے فاصلے پر اور 39.5 کلومیٹر کی گہرائی میں آیا۔
پیسفک سونامی وارننگ سینٹر نے کہا ہےکہ زلزلے کے مرکز کے 300 کلومیٹر کے اندر روسی ساحلوں پر "خطرناک" لہروں کا خطرہ موجود ہے۔
امریکی جیولوجیکل سروے نے ابتدائی طور پر زلزلے کی شدت 7.5 بتائی تھی، جسے بعد میں کم کر کے 7.4 کر دیا گیا۔
جولائی میں، کامچاتکا جزیرہ نما کے قریب ریکارڈ کیے گئے سب سے طاقتور زلزلوں میں سے ایک آیا تھا، جس نے بحرالکاہل میں چار میٹر (12 فٹ) تک بلند سونامی لہریں پیدا کیں اور ہوائی سے جاپان تک لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے پر مجبور کیا۔
جاپان کے ساحل کے قریب 9.1 شدت کے زلزلے کے بعد 8.8 شدت کا یہ زلزلہ 2011 کے بعد سب سے بڑا تھا، جاپان کے زلزلے کے بعد سونامی طوفان نے تباہیاں مچا دی تھیں جس میں 15,000 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
جولائی کے زلزلے کے بعد جاپان میں حکام نے تقریباً دو ملین افراد کو بلند مقامات کو منتقل ہونے کا حکم دیا تھا۔
خطے بھر میں سونامی کی وارننگز جاری کی گئیں، جنہیں بعد میں منسوخ یا کم کر دیا گیا۔