امریکہ کے وفاقی تفتیشی ادارے 'ایف بی آئی' نے، چارلی کرک کے قاتل کی، ایک نئی ویڈیو جاری کی ہے۔
ویڈیو میں، مشہور امریکی قدامت پسند کارکن 'چارلی کرک' کے قاتل، مشتبہ شخص کو ایک چھت پر دوڑتے اور پھر کنارے سے نیچے اتر کر قریبی جنگل میں غائب ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ مشتبہ شخص بظاہر کالج کے طالبعلموں کی عمر کا لگتا ہے۔ اس نے سیاہ ٹی شرٹ پہن رکھی تھی جس پر امریکی جھنڈا بنا ہوا تھا اور کینوس کے جوتے پہنے ہوئے تھے۔ یہ معلومات اس کی شناخت کے حوالے سے نہایت اہمیت کی حامل ہیں۔
پولیس نے کہا ہے کہ یوٹاہ ویلی یونیورسٹی کے جائے وقوعہ سے ڈی این اے شواہد حاصل کیے جا رہے ہیں ۔
استغاثہ نے کہا ہے کہ وہ، مشتبہ شخص کے گرفتار ہوتے ہی ، سزائے موت کی درخواست کریں گے۔
تفتیشی افسران نے تصدیق کی ہے کہ کیمپس کے قریب جنگلاتی علاقے سے ایک جدیدرائفل برآمد ہوئی ہے۔
مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق پولیس نے ایک شخص کی شناخت کر لی ہے لیکن ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔
ایف بی آئی نے مشتبہ شخص کی گرفتاری میں مدد دینے پر ایک لاکھ ڈالر انعام کا اعلان کیا ہے۔
پولیس نے فائرنگ کے فوراً بعد کی آڈیو بھی جاری کی ہے۔ علاوہ ازیں تفتیش کار مشتبہ شخص کی تصاویر کا تجزیہ کر رہے ہیں تاکہ مزید سراغ حاصل کیے جا سکیں۔
اکتیس سالہ ٹرننگ پوائنٹ یو ایس اے کے بانی کے قتل نے سیاسی حلقوں میں شدید غم و غصے اور مذّمت کو جنم دیا ہے۔