ترکیہ قومی انٹیلی جنس ایجنسی'ایم آئی ٹی' کے سربراہ ابراہیم قالن نے منگل کے روز بغداد میں عراقی حکام کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی ملاقات کی جس میں سرحدی سلامتی کو مضبوط بنانے اور انسداد دہشت گردی کی مشترکہ کوششوں کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
قالن نے پہلے عراق کے وزیر اعظم محمد شیاع السوڈانی کے ساتھ اور اس کے بعد صدر عبداللطیف رشید کے ساتھ ملاقات کی۔
سلامتی ذرائع سے موصول معلومات کے مطابق مذاکرات میں عراق کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ فواد حسین نے بھی شرکت کی۔
عراق میں مصروفیات کے دوران قالن نے وزیر دفاع ثابت عباسی، قومی انٹیلی جنس سروس کے سربراہ حامد الشاطری، خودمختاری اتحاد کے رہنما خمیس الخنجر اور اسمبلی اسپیکر محمود المشہدانی سے بھی ملاقات کی۔
ملاقاتوں کے دوران دونوں فریقین نے مربوط کوششوں کے ذریعے سرحدوں کو محفوظ بنا نے اور 'دہشت گردی سے پاک ترکیہ' کے ہدف تک رسائی کے لیے مشترکہ اقدامات پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
بغداد کی جانب سے انقرہ کے ساتھ ہر سطح پر اور مکمل حمایت کا اعادہ کیا گیا ہے۔ بات چیت میں علاقائی امن و استحکام کو فروغ دینے کے مواقع اور دو طرفہ تعلقات کی مجموعی صورتحال پر بھی توجہ دی گئی ہے۔
ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی بھی مذاکراتی ایجنڈے میں شامل تھی اور دونوں فریقین نے جنگ بندی کے عمل میں حالیہ پیش رفت کا بھی جائزہ لیا ہے۔
بعد ازاں، قالن نے عراقی ترکمان فرنٹ'آئی ٹی سی'کے صدر ایم سیمن آغا اوغلو اور آئی ٹی سی کے سینئر حکام سے ملاقات کی۔
ملاقات کا مقصد ترکمان آبادی والے علاقوں کی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینا اور آئندہ انتخابات کی تیاریوں کے بارے میں تازہ ترین معلومات حاصل کرنا تھا۔