ڈنمارک کے عوامی نشریاتی ادارے 'ڈی آر 'نےآج بروز بدھ شائع کردہ خبر میں کہا ہے کہ امریکی شہریوں کی گرین لینڈ میں اثر و رسوخ بڑھانے کی کوششوں کی اطلاعات ملنے کے بعد ، وزیر خارجہ راسموسن نے کوپن ہیگن میں امریکی سفارت خانے کے سینئر سفارت کار کو وزارتِ خارجہ میں طلب کیا ہے۔
ڈی آر نے نامعلوم ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ ڈنمارک حکومت کو یقین ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ سے منسلک کم از کم تین امریکی شہری ڈنمارک میں اثر و رسوخ بڑھانے کاخفیہ آپریشن کر رہے ہیں۔ نشریاتی ادارے نے ان تین افراد کے نام ظاہر نہیں کیے۔
وزیر خارجہ لارس لوکے راسموسن نے 'ڈی آر' کے لئے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ "ڈنمارک کے داخلی معاملات میں کسی بھی قسم کی مداخلت قطعاًناقابل قبول ہوگی۔اس تناظر میں، میں نے وزارت خارجہ کو امریکی چارج ڈی افیئرز کو طلب کرنے کا مشورہ دیا ہے"۔
واضح رہے کہ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ، قومی و بین الاقوامی سلامتی کی خاطر ،معدنی وسائل سے مالا مال اور اسٹریٹجک اہمیت کے حامل اس آرکٹک جزیرے کو امریکہ کے زیر کنٹرول لانا چاہتے ہیں۔ اس مقصد کے حصول کےلیے وہ طاقت کے استعمال سے بھی گریز نہیں کریں گے۔