امریکہ نے اسرائیل سے امریکی شہری کے قتل کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
اسرائیل میں امریکی سفیر نے اسرائیلی حکام سے اپیل کی ہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے میں غیر قانونی صیہونی آبادکاروں کی طرف سے قتل کئے گئے 20 سالہ فلسطینی نژاد امریکی شہری 'سیف مسلط' کے قتل کی تحقیقات شروع کی جائیں۔
امریکی سفیر 'مائیک ہکابی' نے منگل کے روز سوشل میڈیا 'ایکس' سے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ "میں نے اسرائیل سے اپیل کی ہے کہ وہ ایک امریکی شہری سیف مسلط کے جارحانہ قتل کی تحقیقات کرے۔ سیف اپنے اہلِ خانہ سے ملنے کے لئے سنجل آیا ہوا تھا جہاں اسے پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا گیا ہے۔ اس جُرم اور دہشت گردانہ کاروائی کا حساب پوچھا جانا چاہیے۔ سیف کی عمر صرف 20 سال تھی"۔
احتساب کے مطالبات
واضح رہے کہ سیف مسلط فلوریڈا کے رہائشی امریکی شہری تھے۔ گذشتہ ہفتے بروز جمعہ اپنے کنبے سے ملاقات کے لئے سنجل قصبے میں موجودگی کے دوران ان پر قاتلانہ حملہ کیا گیا تھا۔
متاثرہ کنبے کا کہنا ہے کہ صیہونی آبادکاروں نے سیف کو گھیر لیا، اسے زد و کوب کیا اور ایمرجنسی طبّی عملے کو تین گھنٹے تک اس تک پہنچنے سے روکے رکھا۔
ہسپتال لے جانے سے پہلے ہی سیف مسلط کی موت واقع ہو گئی۔ متعدد امریکی قانون سازوں نے تعزیتی پیغامات جاری کیے اور وزارتِ خارجہ سے اس واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ یہ قتل ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوجوں اور غیر قانونی صیہونی آباد کاروں کی جانب سے تشدد میں اضافہ ہو رہا ہے۔