پینٹاگون، تائیوان کے موضوع پر امریکہ۔چین جنگ کی صورت میں اختیار کی جانے والی حکمت عملی کی وضاحت کے لئے،جاپان اور آسٹریلیا پر دباو ڈال رہا ہے۔
روزنامہ فنانشیل ٹائمز نے مذاکرات کی تفصیلات سے باخبر ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ امریکہ وزارت دفاع کے سیکرٹری برائے امورِ سیاست 'ایلبریج کولبی' نے دونوں ممالک کے دفاعی حکام کے ساتھ مذاکرات میں اس معاملے کو آگے بڑھایا ہے ۔
اخبار کے مطابق، یہ درخواست جاپان اور کینبرا دونوں کے لیے غیر متوقع تھی کیونکہ خود امریکہ، تائیوان کے دفاع کے لیے، غیر مشروط ضمانت فراہم نہیں کرتا۔
رائٹرز نے اس رپورٹ کی تصدیق نہیں کی اور امریکہ محکمہ دفاع نے بھی اس بارے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا۔
امریکہ اور تائیوان کے درمیان سرکاری سفارتی تعلقات کی عدم موجودگی کے باوجود امریکہ تائیوان کو اسلحہ درآمد کرنے والا سب سے اہم ملک ہے ۔ تائیوان ، چینی حاکمیت کے دعوے کو رد کرتا ہے لیکن بیجنگ نے اپنی حاکمیت کے دعوے کو تقویت دینے کے لئے بعض فوجی مشقوں سمیت جزیرے پر عسکری دباو میں اضافہ کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ 'ایلبریج کولبی' نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پہلے دورِ صدارت میں حکمت عملی اور قوّت میں اضافے جیسے موضوعات پر بحیثیت نائب وزیرِ دفاع کے خدمات سرانجام دی تھیں۔ کولبی ، امریکی فوج کے چین کے ساتھ مقابلے کو ترجیح دینے اور مشرق وسطیٰ اور یورپ سے توجہ ہٹانے کے موقف کی وجہ سے، شہرت رکھتے ہیں۔