فلسطین اس سال پہلی بار مس یونیورس مقابلے میں شرکت کرنے جا رہا ہے۔ مقابلے میں 'نادین ایوب' فلسطین کی نمائندگی کریں گی۔ وہ اپنے عوام کی قوت و استقامت کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کا عزم رکھتی ہیں۔
27 سالہ نادین ایوب ماہرِ صحت و غذائیت ہیں ۔ 2022 میں وہ مس فلسطین منتخب ہوئیں اور اب نومبر 2025 میں مس یونیورس مقابلے میں فلسطین کی پہلی نمائندہ کے طور پر تاریخ رقم کریں گی ۔
نادین مغربی کنارے سے تعلق رکھتی ہیں اور کینیڈا اور امریکہ میں پلی بڑھی ہیں۔ اس وقت ان کی رہائش دبئی اور رام اللہ میں ہے۔
اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر انہوں نے کہا ہے کہ "مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے فخر ہو رہا ہے کہ میں پہلی بار مس یونیورس مقابلے میں فلسطین کی نمائندگی کروں گی۔"
انہوں نے مزید کہا ہے کہ "آج، میں مس یونیورس کے اسٹیج پر صرف ایک خطاب کے ساتھ نہیں بلکہ ایک حقیقت کے ساتھ قدم رکھ رہی ہوں۔"
فلسطینی عوام کی طاقت اور مزاحمت کے حوالے سے نادین نے کہا ہے کہ "ایسے میں کہ جب فلسطین اور خاص طور پر غزہ دکھ سہہ رہا ہے ، میں ، خاموشی سے انکار ی لوگوں کی آواز بن کر آ ئی ہوں"۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ "میں ہر فلسطینی عورت اور بچے کی نمائندگی کر رہی ہوں ۔ ایسی عورتیں اور ایسے بچّے کہ جن کی قوت کو دنیا کو دیکھنے کی ضرورت ہے۔ ہم صرف دکھ درد سے عبارت نہیں ہیں – ہم استقامت ہیں، امید ہیں اور ایک وطن کے دل کی دھڑکن ہیں "۔
واضح رہے کہ مس یونیورس مقابلہ دنیا کے سب سے زیادہ دیکھے جانے والے خوبصورتی کے مقابلوں میں شامل ہے اور 80 سے زائد ممالک کے شرکت سے منعقد ہوتا ہے۔
ایسے وقت میں کہ جب عالمی توجہ اسرائیل کی طرف سے غزّہ میں جاری جنگ پر مرکوز ہے اور مزید ممالک فلسطینی ریاست کو تسلیم کر رہے ہیں مقابلہ حُسن میں فلسطین کی پہلی شرکت ایک علامتی حیثیت رکھتی ہے۔
یہ مقابلہ، خوبصورتی اور صلاحیتوں کی نمائش سے بڑھ کر اپنے مقاصد کو اجاگر کرنے اور اپنی قومی شناخت کا اظہار کرنے کے لئے شرکاء کو ایک پلیٹ فارم بھی فراہم کرتا ہے۔