پاپ موسیقی کی ملکہ میڈونا نے پوپ لیو سے براہ راست اپیل کی ہے کہ اس سے پہلے کہ بہت دیر ہو جائے وہ محصور غزہ کا سفر کریں اور بچوں کے لیے روشنی لے کر آئیں،، کیونکہ اسرائیل اپنی نسل کشی کی کاروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے پیر کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر لکھا: "مقدس پاپ ، براہ کرم غزہ جائیں اور بچوں کے لیے روشنی کی کرن بنیں، اس سے پہلے کہ بہت دیر ہو جائے۔ ایک ماں کے طور پر، میں ان کا دکھ دیکھنے کی تاب نہیں رکھ سکتی۔ یہ بچے ہم سب کے ہیں۔"
انہوں نے مزید کہا: "آپ واحد شخصیت ہیں جنہیں داخلے سے روکا نہیں جا سکتا۔ ہمیں انسانی ہمدردی کے دروازے مکمل طور پر کھولنے کی ضرورت ہے تاکہ ان معصوم بچوں کو بچایا جا سکے۔ وقت ختم ہو رہا ہے۔ براہ کرم آپ وہاں جائیں ۔ احترام و محبت کے ساتھ، میڈونا۔"
انہوں نے کہا: "سیاست تبدیلی نہیں لا سکتی۔ صرف شعور لا سکتا ہے۔ اسی لیے میں ایک خدا کے بندے سے رجوع کر رہی ہوں۔"
اپنے بیٹے روکو کی سالگرہ کے موقع پر، میڈونا نے کہا: "ایک ماں کے طور پر، میں سمجھتی ہوں کہ میرے بیٹے کو بہترین تحفہ یہ ہو سکتا ہے کہ میں سب سے درخواست کروں کہ وہ غزہ میں جنگ کے درمیان پھنسے ہوئے ان معصوم بچوں کو بچانے کے لیے جو کچھ کر سکتے ہیں کریں ۔ میں کسی پر الزام نہیں لگا رہی، نہ ہی کسی طرفداری کر رہی ہوں۔ سبھی تکلیف میں ہیں۔"
انہوں نے مزید کہا: "میں صرف یہ کوشش کر رہی ہوں کہ ان بچوں کو بھوک سے مرنے سے بچایا جا سکے۔" انہوں نے اپنے پیروکاروں سے اپیل کی کہ وہ World Central Kitchen جیسے انسانی ہمدردی کے اداروں کو عطیات دیں۔
اسرائیل کی غزہ میں نسل کشی
اسرائیل نے محصور غزہ میں اپنی بربریت کے دوران 61,500 سے زائد فلسطینیوں کو قتل کیا ہے، جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں۔
فلسطین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی WAFA کے مطابق، تقریباً 11,000 فلسطینیوں کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے، جو تباہ شدہ گھروں کے نیچے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اصل ہلاکتوں کی تعداد غزہ کے حکام کی رپورٹ کردہ تعداد سے کہیں زیادہ ہے، اور یہ تقریباً 200,000 تک ہو سکتی ہے۔
اس نسل کشی کے دوران، اسرائیل نے محصور علاقے کو تقریباً مکمل طور پر کھنڈر میں تبدیل کر دیا ہے اور اس کی پوری آبادی کو عملاً بے گھر کر دیا ہے۔
گزشتہ نومبر میں، بین الاقوامی فوجداری عدالت نے اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو اور ان کے سابق وزیر دفاع یوآو گیلنٹ کے خلاف غزہ میں جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کے الزامات میں وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔
اسرائیل کو محصور علاقے میں فلسطینیوں کے خلاف جنگ کے لیے بین الاقوامی عدالت انصاف میں نسل کشی کے مقدمے کا بھی سامنا ہے۔