بحیرہ روم میں اسپین کے بالیئرک جزائر کی طرف عازمِ سفر ایک کشتی سے 12 تارکین وطن کھُلے سمندر میں چھلانگ لگا کر لا پتہ ہو گئے ہیں۔
مقامی حکام کے بروز ہفتہ جاری کردہ بیان کے مطابق کبریرا جزیرے سے 58 کلو میٹر مسافت پر اسی کشتی سے مزید 14 تارکین وطن کو بچا لیا گیا ہے۔
بچائے گئے تارکین وطن کی حکام کو فراہم کردہ معلومات کے مطابق 12 مسافروں نے جمعہ کے روز کشتی سے چھلانگ لگا دی تھی ۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اسپین کی سول گارڈ اور کوسٹ گارڈ شمالی افریقہ سے تعلق رکھنے والے مذکورہ لاپتہ افراد کی تلاش کر رہی ہے۔
اسپین وزارت داخلہ کے اعداد و شمار کے مطابق اس سال شمالی افریقہ سے بالیئرک جزائر کی طرف نقل مکانی رُوٹ سے نقل مکانی کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا ہے ۔
رواں سال کے آغاز سے 15 اگست تک 4,323 تارکین وطن ان جزیروں پر پہنچے ہیں جبکہ 2024 کے اسی دورانیے میں یہ تعداد 2,443 تھی ۔ یعنی نقل مکانی میں 77 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
دوسری طرف، مغربی افریقہ کے بحر اوقیانوس میں واقع اسپین کے کینری جزائر پر پہنچنے والوں کی تعداد میں 46 فیصد کمی ہوئی ہے۔