صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اتوار کے روز بڑے ٹیلی ویژن نیٹ ورکس پر متعصبانہ کوریج کا الزام عائد کیا اور مشورہ دیا کہ انہیں اپنے نشریاتی لائسنس کھو دینے چاہئیں۔
امریکی سوشل میڈیا کمپنی ٹرتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ اے بی سی اور این بی سی اُن کی صدارت کے بارے میں انتہائی منفی کوریج کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اے بی سی اور این بی سی فیک نیوز، تاریخ کے بدترین اور متعصب ترین نیٹ ورکس میں سے ایک ہیں جو 97 فیصد بری اور جھوٹی کہانیاں پیش کرتے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ یہ ادارے ڈیموکریٹک پارٹی کے دست راست ہیں ،فیڈرل کمیونیکیشن کمیشن کی جانب سے ان کے لائسنس منسوخ ہونے چاہئیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں مکمل طور پر اس کے حق میں ہوں گا کیونکہ وہ بہت متعصب اور جھوٹے ہیں اور جو ہماری جمہوریت کے لئے بھی حقیقی خطرہ ہیں۔
ٹرمپ اکثر نمایاں میڈیا اداروں کو تنقید کا نشانہ بناتے رہے ہیں ۔