آسٹریلوی حکومت نے پیر کے روز دائیں بازو کے ایک اسرائیلی سیاستدان کا ویزا منسوخ کر دیا، جو ایک تقریب سے تقریر کرنے اس ملک کو جا رہے تھے۔ تقریب کے منتظمین نے اس اقدام کو "شدید یہود ی مخالف" قرار دیا ہے۔
سمحا روتھ مین، جن کی جماعت اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کی حکومتی اتحاد کا حصہ ہے، آسٹریلوی یہودی ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام تقریبات میں خطاب کرنے والے تھے۔
لیکن آسٹریلیا کے وزیر داخلہ ٹونی برک نے کہا کہ آسٹریلیا ایسے لوگوں کو قبول نہیں کرے گا جو ملک میں "انتشارپھیلانے" کے لیے آئیں۔
انہوں نے کہا کہ "اگر آپ آسٹریلیا آ کر نفرت اور انتشار پیغام پھیلانا چاہتے ہیں، تو ہم آپ کو یہاں نہیں چاہتے،آسٹریلیا ایک ایسا ملک ہے جہاں ہر کوئی محفوظ ہو اور خود کو محفوظ محسوس کرے۔"
ویزا منسوخی کے خودکار نتیجے کے طور پر، روتھ مین آئندہ تین سال تک آسٹریلیا کا سفر نہیں کر سکیں گے۔
آسٹریلوی یہودی ایسوسی ایشن کے چیف ایگزیکٹو رابرٹ گریگری نے کہا کہ روتھ مین کے دورے کا مقصد آسٹریلیا کی یہودی برادری کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنا تھا، جو یہود مخالف جذبات کی لہر کا سامنا کر رہی ہے۔
"یہ دورہ مشرق وسطیٰ کے موجودہ حالات سے کسی بھی طرح منسلک نہیں تھا،" انہوں نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا۔
گریگری نے روتھ مین کے ویزا کی منسوخی کو "شدید یہود مخالف اقدام" قرار دیا اور آسٹریلوی حکومت پر الزام لگایا کہ وہ یہودی برادری اور اسرائیل کو نشانہ بنانے میں "جنون" کا شکار ہے۔