امریکہ وزارتِ دفاع 'پینٹاگون' نے اپنے 2026 کے بجٹ میں، دہشت گردی کے خلاف جدوجہد کے لئے"تربیت و ساز و سامان کی فراہمی کے فنڈ" (CTEF) کے دائرہ کار میں، شام میں YPG کے زیر قیادت دہشت گرد گروپ SDF کی حمایت کے لیے 130 ملین ڈالر مختص کیے ہیں۔
پینٹاگون کی ، 2026 کے بجٹ سے متعلق، وضاحتی دستاویز کے مطابق یہ فنڈ امریکی حمایت یافتہ SDF اور جنوب مشرقی شام میں موجود 'شامی آزاد فوج' کے ساتھ ساتھ عراق اور لبنان میں 'قابلِ بھروسہ مشترکہ فورسز' کی تربیت، عسکری ساز و سامان اور ماہانہ وظائف کی فراہمی کے لیے مختص کیا گیا ہے۔
دستاویز کے مطابق اس رقم میں ہلکے ہتھیاروں کے علاوہ طبی سامان کی فراہمی اور تنصیبات کی مرمت بھی شامل ہے۔ مزید کہا گیا ہے کہ داعش (ISIS) کا دوبارہ ابھرنا امریکی قومی مفادات، عراق، شام، لبنان اور عالمی برادری کے لیے خطرہ ہے۔
واضح رہے کہ YPG دہشت گرد تنظیم PKK کی شامی شاخ ہے، جسے ترکیہ، امریکہ اور یورپی یونین نے دہشت گرد تنظیم قرار دے رکھا ہے۔
سب سے بڑا حصہ PKK/YPG دہشت گرد گروپ کے لئے
پینٹاگون کے 2026 کے بجٹ میں شام کے لیے مختص 130 ملین ڈالر میں سے 7.42 ملین ڈالر، 'بادیہ صحرا' میں داعش کی باقیات کے خلاف ، شامی آزاد فوج کو مضبوط کرنے کے لئے ہیں۔تاہم، فنڈ کا بڑا حصہ SDF کی طرف موڑ دیا گیا ہے۔
یہ تازہ ترین فنڈ، 2025 میں مختص کیے گئے 147.9 ملین ڈالر اور 2024 میں مختص کئے گئے 156 ملین ڈالر کے علاوہ ہے جو واشنگٹن نے شام میں اسی طرح کے گروہوں کو داعش کے خلاف جنگ کے نام پر دیے تھے۔ یہ فنڈ داعش کے خلاف جدوجہد کے بہانے سے ایسے دہشت گرد گروپوں کو فراہم کئے جا رہے ہیں جنہیں ترکیہ نے ایک طویل عرصے سے اپنی سرحدوں کے لئے خطرہ قرار دے رکھا ہے۔
ترکیہ، امریکہ اور یورپی یونین کی طرف سے دہشت گرد قرار دی گئی تنظیم 'PKK' اپنی چار دہائیوں پر محیط دہشت گردانہ کاروائیوں میں عام شہریوں، عورتوں اور بچوں سمیت 40,000 سے زائد افراد کی جانیں لے چُکی ہے۔
ترکیہ کا مؤقف ہے کہ PKK/YPG کو کسی بھی عنوان کے تحت مسلح کرنا دہشت گردی کی براہ راست حمایت کے مترادف ہے۔