پاکستان کے شمال مغربی علاقوں میں جمعہ کی صبح شدید بارشوں کے باعث سیلابی ریلوں کے نتیجے میں 15 افراد ہلاک اور 17 لاپتہ ہو گئے ہیں۔
ریسکیو 1122 خیبر پختونخوا کے مطابق ضلع باجوڑ کی تحصیل سالارزئی میں بھاری اور موسلا دھار بارش کے نتیجے میں جگہ جگہ سیلابی ریلے کئی گھروں کو بہا لے گئے ہیں۔اب تک 8افراد ہلاک، 4 زخمی اور 17 لاپتہ ہو چکے ہیں ۔
ریسکیو 1122 کے ضلعی افسر امجد خان نے کہا ہے کہ"زخمیوں کو مقامی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے اور لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے"۔
علاوہ ازیں، ضلع لوئر دیر کے علاقے 'سوری پاو' میں شدید بارش کے بعد ایک گھر مسمار ہونے سے کم از کم پانچ افراد ہلاک اور چار زخمی ہو گئے ہیں۔
ضلع مانسہرہ میں ایک کار سیلاب میں بہہ جانے سے دو افراد ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا ہے۔
قومی محکمہ آفات کے مطابق تازہ ہلاکتوں کے بعد 26 جون سے جاری مون سون کے دوران ملک بھر میں اموات کی تعداد 328 اور زخمیوں کی تعداد 740 تک پہنچ چُکی ہے ۔
164افراد کے ساتھ سب سے زیادہ اموات کےاور582 افراد کے ساتھ سب سے زیادہ زخمی ہونے کے واقعات مشرقی پنجاب میں ریکارڈ ہوئے ہیں۔حالیہ مون سون کے دوران یہ صوبہ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔
شدید بارشوں کے باعث خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ بھی ہوئی ہے اورحکام مختلف علاقوں میں محصور لوگوں کو نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ مون سون بارشیں، جو عام طور پر جون سے ستمبر تک جاری رہتی ہیں، پاکستان سمیت پورے جنوبی ایشیا میں اکثر تباہی کا باعث بنتی ہیں۔ حالیہ برسوں میں موسمیاتی تبدیلیوں نے ان کی غیر یقینی صورتحال اور شدت میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔